تازہ ترینپاکستان

سیلاب،خیبر پختونخوا حکومت نے بین الاقوامی پارٹنرز سے مدد کیلئے وفاق سے تعاون مانگ لیا

پشاور /اسلام آباد (آئی پی ایس )خیبر پختونخوا حکومت نے سیلاب میں ہونے والے نقصانات پر بین الاقوامی شراکت داروں سے مدد حاصل کرنے کے لیے وفاقی حکومت سے تعاون مانگ لیا۔خیبر پختونخوا کی جانب سے وفاق کو لکھے گئے خط میں بین الاقوامی ڈویلپمنٹ پارٹنرز سے مدد حاصل کرنے میں تعاون کی درخواست کی گئی ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث نقصانات کا شکار رہتا ہے، کے پی حکومت موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کام کرنے کے لیے تیار ہے، بین الاقوامی ڈویلپمنٹ پارٹنرز سے درخواست کی جائے کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور آب و ہوا بہتر بنانے کے کام میں شریک ہوں۔کے پی حکومت کے خط میں کہا گیا ہے کہ عالمی اداروں سے واٹر مینجمنٹ اور ارلی وارننگ سسٹم میں مدد کی درخواست کی جائے، خیبر پختونخوا حکومت کی موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانے کے لیے کمزور کمیونٹیز کی مدد بھی کی جائے۔

صوبائی حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سیلاب کے باعث خیبر پختونخوا کو 20 ارب روپے سے زیادہ کا نقصان پہنچا ہے، تیز بارشوں اور سیلاب کے باعث فوری امدادی سرگرمیوں پر 6 اعشاریہ5 ارب روپے خرچ کیے گئے، بحالی اور مرمت پر 20 ارب روپے لاگت کا تخمینہ بھی لگایا گیا ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی منصوبہ بندی جاری ہے، سیلاب میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو 20، 20 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کو 5، 5 لاکھ روپے مالی امداد دی گئی، دکانوں کے نقصانات کو بھی معاوضہ پالیسی میں شامل کیا گیا ہے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker