بین الاقوامی

چین کا اسرائیل سے فوری طور پر غزہ میں فوجی کارروائی بند کرنے کا مطالبہ

اقوام متحدہ میں چین کے نائب مستقل مندوب گینگ شوانگ نے فلسطین-اسرائیل مسئلے پر سلامتی کونسل کے کھلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فوری طور پر غزہ پٹی میں اسرائیلی فوجی کارروائی بند کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں جاری موجودہ کشیدگی کو 700 دن سے زیادہ ہو گئے ہیں اور غزہ کے 20 لاکھ افراد سنگین انسانی صورتحال کا شکار ہیں ۔ بین الاقوامی براداری کو صورتحال کو مزید بگڑنے سے رو کنے کے لئے ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے۔
گینگ شوانگ نے زور د ے کر کہا کہ تشدد سے سلامتی حاصل نہیں ہوتی، اور طاقت سے امن نہیں ملتا۔ اسرائیل مسلسل فوجی کارروائیوں میں اضافہ کر رہا ہے، جس سے ہر روز بے گناہ لوگوں کی بڑی تعداد جاں بحق ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چین عام شہریوں ، شہری سہولیات کو نقصان پہنچانے اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کی حامل ہر کارروائی کی مخالفت اور مذمت کرتا ہے۔ چین اسرائیل سے مطالبہ کرتا ہے کہ فوری طور پر غزہ میں فوجی کارروائی بند کرے اور کشیدگی بڑھانے والے خطرناک اقدامات سے باز آئے ۔
گینگ شوانگ نے کہا کہ بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی ، امدادی سامان کو ہتھیار بنانا اور فوری ضرورت کی اشیائے خوردونوش کی تقسیم کا موجودہ طریقہ کار ناقابل قبول ہے۔ چین اسرائیل پر زور دیتا ہے کہ وہ انسانی امداد کی رسائی کو مکمل طور پر بحال کرے، اقوام متحدہ کے انسانی اصولوں پر مبنی امدادی کارروائیوں کو جاری رکھنے کی حمایت کرے، اور غزہ میں انسانی المیے کو مؤثر طریقے سے کم کرے۔
گینگ شوانگ نے مزید کہا کہ بین الاقوامی برادری کو "دو ریاستی حل” کے سیاسی امکان کو بحال کرنے کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہئیں، فلسطینی عوام کے خلاف جبری نقل مکانی کی سختی سے مخالفت کرنی چاہیے، اور دریائے اردن کے مغربی کنارے اور غزہ کے الحاق کی خطرناک کوششوں کی مخالفت کرنی چاہیے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker