پاکستان

چین پاکستان کا لازوال دوست اور اسٹریٹیجک پارٹنر ہے،عاطف اکرام شیخ

اسلام آباد: ڈی جی گرین کارپوریٹ انیشیٹو میجر جنرل (ر) شاہد نذیر (ایس آئی ایف سی) کی قیادت میں چینی زرعی شعبے کے وفد نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کا دورہ کیا، جہاں وفد نے صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ سے ملاقات کی۔

ملاقات میں پاکستان میں زرعی سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے چینی زرعی شعبے کے چیف کنسلٹنٹ یوان جے من کو ایف پی سی سی آئی کا چیف کنسلٹنٹ نامزد کرنے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا لازوال دوست اور اسٹریٹیجک پارٹنر ہے جو ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوان جے من کا دورہ پاکستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جبکہ زراعت پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، جو جی ڈی پی کا 20 فیصد حصہ ہے اور روزگار کا بڑا ذریعہ بھی ہے۔عاطف اکرام شیخ نے مزید کہا کہ چین کی جدید فارمنگ، بیجوں کی ترقی، ویلیو ایڈیشن اور زرعی ٹیکنالوجی میں کامیابیاں قابل تعریف ہیں۔

پاکستان اور چین زراعت، کراپ سائنسز اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ایک دوسرے سے تعاون کر سکتے ہیں، جس سے دونوں ممالک کی خوراکی ضروریات پوری ہونے کے ساتھ ساتھ تجارتی تعلقات کو بھی وسعت ملے گی۔ انہوں نے ایس آئی ایف سی کے کردار کو بھی سراہا جو گرین ایگریکلچر، پائیدار فارمنگ اور چینی مشینری کے استعمال کے ذریعے انقلابی اقدامات کر رہا ہے۔اس موقع پر میجر جنرل (ر) شاہد نذیر نے بتایا کہ گزشتہ ایک سال میں چین کے تعاون سے گرین کارپوریٹ انیشیٹو کے تحت نمایاں کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں۔ ان کے مطابق اسکردو میں فوڈ پراسیسنگ پلانٹ سمیت گزشتہ دو ماہ میں ریکارڈ آٹھ منصوبے مکمل ہوئے ہیں۔

اس کے علاوہ ڈرپ ایریگیشن فیکٹری، چولستان میں ماڈل ایگریکلچر فارم، کاشغر فری ٹریڈ زون اور جی بی میں زراعت کے متعدد منصوبے بھی مکمل کئے گئے ہیں، جبکہ 300 ایگری گریجویٹس کو چین میں تربیت دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کامیابیوں کے پیچھے یوان جے من کی قائدانہ صلاحیتوں کا بڑا کردار ہے۔ میجر جنرل (ر) شاہد نذیر نے مزید بتایا کہ یوان جے من واہگہ، ساہیوال، بارانی علاقوں اور چولستان کا بھی دورہ کریں گے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker