
بیجنگ :چین کے جنوب مغربی شہر چھونگ چھنگ کے لی شین گاؤں میں ، ایک مقبول کیفے جس کا نام "مائن کافی” ہے، مسلسل سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کر رہا ہے۔ یہ جگہ ایک متروک جپسم کان سے تبدیل کی گئی ہے، جہاں کان کی اصل خصوصیات کو برقرار رکھا گیا ہے۔ ریلوے ٹریکس اور کان کی گاڑیاں جدید ڈیزائن میں شامل کی گئی ہیں، جو اسے مقامی سیاحت کا ایک نیا نشان بناتی ہیں۔ 2024 میں، لی شین گاؤں نے 300,000 سے زائد سیاحوں کو اپنی طرف راغب کیا اور 60 ملین یوآن سے زیادہ کی سیاحتی آمدنی حاصل کی۔ کسے معلوم کہ یہ کبھی شدید آلودگی کا شکار کان کنی کا علاقہ تھا؟ یہ تبدیلی نہ صرف ایک گاؤں کی کہانی ہے بلکہ چین کے سبز ترقی کے تصور کی ایک زندہ مثال بھی ہے۔لی شین گاؤں میں کبھی جپسم کی کان کنی ہوتی تھی، جس کی وجہ سے گاؤں میں دھول اور گندے پانی کا مسئلہ پیدا ہو گیا تھا۔ 2017 میں، گاؤں نے فیصلہ کیا کہ کان کنی بند کر دی جائے اور اس کی جگہ چھوٹے گیلے علاقوں کی بحالی پر کام کیا جائے۔ پہاڑی ڈھلانوں، ندیوں، کھیتوں اور تالابوں کو استعمال کرتے ہوئے، کان کے گرے ہوئے حصوں کو تبدیل کر کے پہاڑی تالابوں کا ایک خوبصورت نظام بنایا گیا۔ اس سے نہ صرف فطرت کو بحال کیا گیا بلکہ معاشی فوائد بھی حاصل ہوئے۔چھونگ چھنگ کے جیانگ بیئی ضلع میں، ایک اور سبز ایجاد نے توجہ حاصل کی ہے۔ بلند و بالا عمارتوں کے باہر کوئی روایتی ائیر کنڈیشنر دکھائی نہیں دیتے۔ اس کی بجائے، زمین کے نیچے 11,000 مربع میٹر کا "انرجی ہارٹ” بنایا گیا ہے۔ یہ نظام دریائے یانگسی کے پانی کے مستحکم درجہ حرارت کا فائدہ اٹھاتا ہے اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے توانائی کا تبادلہ کرتا ہے۔ روایتی نظاموں کے مقابلے میں، یہ ہر سال 52,000 کلوواٹ بجلی، 1.98 ملین کیوبک میٹر پانی بچاتا ہے اور 60,000 ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کو کم کرتا ہے۔ یہ شہر میں ایک بڑے "جنگل” کے برابر ہے۔ اب تک، یہ منصوبہ 39 اداروں اور 5,800 سے زائد کمپنیوں کو صاف توانائی فراہم کر چکا ہے۔لی شین گاؤں اور جیانگ بیئی کے کیسز، اگرچہ دیہی اور شہری ترقی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھتے ہیں، لیکن ایک ہی نتیجہ پر پہنچتے ہیں: سبز ترقی کا تصور چین میں ایک بنیادی تبدیلی لا رہا ہے۔ یہ تبدیلی صرف ماحولیات تک محدود نہیں بلکہ انسانی تہذیب کی ایک اہم پیشرفت ہے۔روایتی صنعتی ماڈل میں، فطرت کو صرف ایک وسائل کے طور پر دیکھا جاتا تھا۔ لیکن سبز ترقی کا تصور انسان اور فطرت کو ایک مشترکہ نظام کے طور پر دیکھتا ہے۔ لی شین گاؤں کے گیلے علاقوں نے نہ صرف جزوی ماحول کو بہتر بنایا بلکہ علاقائی موسم اور پانی کی صفائی میں بھی مدد کی۔ جیانگ بیئی دریا کے پانی کا نظام نہ صرف توانائی بچاتا ہے بلکہ شہری ماحول کو بھی متوازن رکھتا ہے۔ یہ نظامی سوچ ،معیشت اور ماحول کے درمیان روایتی تضاد کو ختم کرتی ہے اور ایک نئے تعلق کو جنم دیتی ہے۔دیہات سے شہروں تک، صنعت سے زندگی تک، سبز ترقی کا تصور چین کے ہر شعبے میں سرایت کر چکا ہے۔ یہ چین کے 14ویں پانچ سالہ منصوبہ بندی کا اہم حصہ ہے۔ جیسے جیسے کانوں کی تبدیلی اور دریا سے ٹھنڈک جیسے منصوبے عام ہوتے جائیں گے، چین ثابت کرتا رہے گا کہ سبز ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بلکہ یہ اعلیٰ معیار اور پائیدار ترقی کا ذریعہ ہے۔ یہ صرف چند ممالک کا اختیار نہیں بلکہ تمام قوموں کے لیے ایک نیا راستہ ہے۔ سبز ترقی نہ صرف ماحولیاتی مسائل کا حل ہے بلکہ معیاری ترقی اور چینی طرز کی جدیدیت کا بھی اہم ذریعہ ہے۔کہانی ابھی ختم نہیں ہوئی۔ چین کی سبز تبدیلی کی کہانی جاری رہے گی۔ یہ دنیا کو ایک اہم پیغام دے گی: موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی چیلنجز کے باوجود، اگر ہم خود غرضی ترک کر دیں، دوسروں کو نقصان نہ پہنچائیں اور ہمت نہ ہاریں، تو انسانیت اب بھی کامیاب ہو سکتی ہے۔