
اسلام آباد:ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی کلید ہے، اور پاکستان کے تمام حلقے اس راہداری کے "اپ گریڈ ورژن” کی تعمیر کی پرزور حمایت کرتے ہیں۔
پاکستان میں چینی سفارت خانے کے زیراہتمام سی پیک کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیدال خان ناصر نے پاکستان اور چین کے دیرینہ دوستانہ تعلق کو سراہتے ہوئے سی پیک کے مقامی عوام کی زندگیوں میں لائے گئے ٹھوس ثمرات کو بھرپور انداز میں سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں پاکستان سی پیک کے روٹ پر زراعت، تعلیم اور تجارت کے شعبوں میں ترقی کے ثمرات مزید کمیونٹیز تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہے۔
پاکستان کے وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ سی پیک نہ صرف پاکستان کی قومی معیشت کی شہ رگ ہے بلکہ خطے میں تبدیلی لانے والا منصوبہ بھی ہے۔
پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے کہا کہ دونوں ممالک کے رہنماوں کی خصوصی توجہ اور حمایت سے سی پیک کی تعمیر پائیدار طریقے سے آگے بڑھ رہی ہے جس کے ثمر آور نتائج سامنے آئے ہیں۔ چین اور پاکستان مل کر سی پیک کا "اپ گریڈ ورژن” تشکیل دیں گے اور چین۔پاکستان ہم نصیب معاشرے کے قیام کو تیز تر کریں گے۔