پاکستانتازہ ترین

چین میں پاکستانی آموں کی بہار ، پاکستان ایمبیسی بیجنگ کے زیراہتمام مینگو فیسٹیول کا انعقاد

بیجنگ:پاکستان ایمبیسی بیجنگ اور چینی اداروں کے اشتراک سے بیجنگ میں ایک شان دار مینگو فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں پاکستان کے اعلیٰ معیار کے آم اور آم سے بنی مصنوعات کی نمائش کی گئی۔ اس موقع پر پاکستان کی زرخیز زمین، زرعی ورثے اور عالمی شہرت یافتہ پھلوں کی برآمدات کو اجاگر کیا گیا۔


تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے آم کو "پھلوں کا بادشاہ” قرار دیتے ہوئے اسے پاکستانی ثقافت اور روایات کا ایک اہم حصہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ آم نہ صرف اپنی لذت اور خوشبو کی وجہ سے پسند کیا جاتا ہے بلکہ یہ مہمان نوازی اور دوستی کی علامت بھی ہے۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ چینی دوستوں کے ساتھ پاکستانی آم شیئر کرنا چینی بھائیوں کے لیے پاکستان کی محبت اور خیرسگالی کا اظہار ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ مینگو فیسٹیول جیسی تقریبات دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی ہم آہنگی کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔


اس تقریب میں پاکستان کی سینیٹ فنانس کمیٹی کے چیئرمین سلیم مانڈوی والا، چائنا انٹرنیشنل کلچرل ایکسچینج سینٹر کے چیئرمین لونگ یو شیانگ، دونگ ای ایجیاؤ کے نائب صدر لیو گوانگ یوآن، اور چائنا فروٹ مارکیٹنگ ایسوسی ایشن کے نائب صدر چانگ چنگ فنگ بھی موجود تھے۔
تقریب میں شریک معزز مہمانوں نے پاکستان ایمبیسی کی جانب سے اس فیسٹیول کے انعقاد اور چین میں پاکستانی ثقافتی و زرعی مصنوعات کو فروغ دینے کی کوششوں کی تعریف کی۔
مینگو فیسٹیول میں بڑی تعداد میں سفارت کاروں، کاروباری برادری کے ارکان، علمی حلقوں اور میڈیا کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker