
امریکی محکمہ خزانہ کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق، وفاقی حکومت کے کل قرض کی مالیت پہلی بار 37 ٹریلین ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔ سنہ 2020 کے آغاز میں امریکی کانگریس کے بجٹ دفتر نے پیش گوئی کی تھی کہ وفاقی قرض 37 ٹریلین ڈالر کے حجم تک 2030 کے مالی سال کے بعد پہنچے گا۔
حکومتی اخراجات کے لیے قرضوں پر انحصار اور سود کی بڑھتی ہوئی ادائیگیوں کے باعث، گزشتہ برسوں میں امریکی وفاقی قرض میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ جنوری 2024 میں یہ 34 ٹریلین ڈالر، جولائی 2024 میں 35 ٹریلین ڈالر، اور نومبر 2024 میں 36 ٹریلین ڈالر سے تجاوز کر گیا تھا۔
امریکی محکمہ تجارت کے اعداد و شمار کے مطابق، سنہ 2024 میں امریکہ کی مجموعی گھریلو پیداوار 29.18 ٹریلین ڈالر تھی۔ اس حساب سے وفاقی قرض جی ڈی پی کا تقریباً 126.8 فیصد بنتا ہے۔
کانگریس بجٹ دفتر کے تازہ جائزے کے مطابق، صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے "بڑے اور خوبصورت”ٹیکس و اخراجات بل کے نفاذ سے اگلے 10 سالوں میں 4.1 ٹریلین ڈالر کا اضافی مالیاتی خسارہ ہوگا، جس نے امریکی "قرض پائیداری” کے حوالے سے مارکیٹ میں تشویش بڑھا دی ہے۔




