
راولپنڈی: (آئی پی ایس) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے آذربائیجان کے چیف آف جنرل سٹاف کرنل جنرل کریم ولیئیف نے ملاقات کی جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی، ملاقات میں موجودہ عالمی و علاقائی سلامتی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، آذربائیجان کے چیف آف جنرل سٹاف نے معرکۂ حق میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور کامیابی کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وفد نے یوم آزادی اور فتح کی تقریبات کے موقع پر نیک خواہشات کا اظہار کیا، اس موقع پر فیلڈ مارشل نے آذربائیجان کی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا، فیلڈ مارشل نے آذربائیجان کا معرکۂ حق کے دوران پاکستانی عوام کی حمایت اور یوم آزادی کی تقریب میں شرکت کیلئے آذری دستہ بھیجنے پر بھی شکریہ ادا کیا۔
کرنل جنرل کریم ولیئیف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ’پیٹریاٹک وار میڈل برائے خدمات برائے فوجی تعاون‘ عطا کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کرنل جنرل کریم ولیئیف نے صدر الہام علیئیف کی جانب سے آذربائیجان کا اعلیٰ عسکری اعزاز عطا کیا، یہ ایوارڈ پاکستان اور آذربائیجان کے مابین عسکری تعاون میں ان کی شاندار خدمات کا اعتراف ہے۔
کرنل جنرل کریم ولیئیف نے دہشتگردی کے خاتمے میں پاکستان کی غیر متزلزل کوششوں کو سراہا، انہوں نے دفاع اور سلامتی کے شعبے میں تعاون کو مزید بڑھانے کے آذربائیجان کے عزم کو دہرایا، معزز مہمان نے پاکستان کی شاندار میزبانی اور آذربائیجان کیلئے مستقل حمایت پر شکریہ بھی ادا کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو آمد پر کرنل جنرل کریم ولیئیف کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، کرنل جنرل کریم ولیئیف نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔چینی وزیر خارجہ دسویں لانکانگ میکونگ تعاون کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کی صدارت کریں گے
بیجنگ:چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اعلان کیا کہ سی پی سی سینٹرل کمیٹی کے پولیٹیکل بیورو کے رکن اورچینی وزیر خارجہ وانگ ای 14 سے 15 اگست تک چین کے صوبہ یوں نان کے شہر آن نینگ میں لانکانگ میکونگ تعاون پر وزرائے خارجہ کے 10 ویں اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس کے دوران چین، لاؤس، میانمار اور تھائی لینڈ کے وزرائے خارجہ کے درمیان غیر رسمی ملاقات بھی ہوگی۔
چائنا سدرن تھیٹر نے غیرقانونی طور پر چین کی سمندری حدود میں داخل ہونے والے امریکی بحری جہاز کو نکال دیا
بیجنگ:چائناسدرن تھیٹر نیوی کے ترجمان کرنل حہ تھے چھنگ نے بتایا کہ 13 اگست کو امریکی تباہ کن بحری جہاز یو ایس ایس ہگنز غیر قانونی طور پر چینی حکومت کی منظوری کے بغیر چین کے جزیرہ ہوانگ یئن کی سمندری حدود میں داخل ہوا ۔چائنا سدرن تھیٹر نے قانون کے مطابق امریکی جہاز کو نگرانی کرنے، انتباہ کرنے اور نکالنے کے لئے اپنی بحری فوج کو منظم کیا۔ امریکی فوج نے چین کی خودمختاری اور سلامتی کی سنگین خلاف ورزی کی ہے، بحیرہ جنوبی چین میں امن و استحکام کو شدید نقصان پہنچایا ہے اور بین الاقوامی قوانین اور بین الاقوامی تعلقات کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی کی ہے۔ چائنا سدرن تھیٹر کمانڈ کی بحری افواج ہر وقت ہائی الرٹ رہتی ہیں اور قومی خودمختاری اور سلامتی اور علاقائی امن و استحکام کا بھرپور دفاع کرتی ہیں۔
رواں سال کی پہلی ششماہی میں چین میں 13.278 ملین نئے کاروباری اداروں کا اندراج
بیجنگ:اسٹیٹ ایڈمنسٹریشن فار مارکیٹ ریگولیشن کے جاری اعداد و شمار کے مطابق اس سال کی پہلی ششماہی میں چین میں 13.278 ملین نئے کاروباری ادارے رجسٹرڈ ہوئے ہیں۔ مختلف کاروباری اداروں کی مستقل ترقی کا رجحان برقرار ہے۔
نجی اور غیر ملکی سرمایہ کاری والے اداروں کی ترقی کی رفتار بھی حوصلہ افزا رہی ہے۔سال کی پہلی ششماہی میں ، 4.346 ملین نئے نجی ادارے رجسٹرڈ ہوئے ،جو سال بہ سال 4.6 فیصد کا اضافہ ہے۔ اسی دوران 33 ہزار نئے غیر ملکی سرمایہ کاری والے اداروں نے رجسٹریشن کروائی ، جو سال بہ سال 4.1 فیصد کا اضافہ ہے۔ کثیر ملکیتی کاروباری اداروں کی ترقی ظاہر کرتی ہے کہ مارکیٹ کی توقعات میں مسلسل بہتری آرہی ہے ، کارپوریٹ سرمایہ کاری کا اعتماد مؤثر طریقے سے بہتر ہو رہا ہے ، اور چین ہمیشہ دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کے لیے سرمایہ کاری کا پُرکشش مقام رہا ہے ۔