پاکستانٹاپ سٹوری

ایرانی صدر مسعود پز شکیان دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے، پرتپاک استقبال

لاہور(آئی پی ایس) ایران کے صدر مسعود پزشکیان 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے، ان کے ہمراہ وزیر خارجہ عباس عراقچی اور اعلیٰ سطح کا وفد بھی آیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے پہلے دورہ پاکستان میں ایران کے صدر مسعود پزشکیان لاہور پہنچے ہیں، ان کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان آیا ہے، ایران کا وفد شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے مزار پر حاضری دے گا۔سابق وزیراعظم نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور ایئر پور ٹ پر ان کا استقبال کیا۔
آج صدر مسعود پزشکیان کے اعزاز میں پرتکلف ضیافت بھی دی جائے گی۔
معزز مہمان کل اسلام آباد میں صدر، وزیر اعظم سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے، وفاقی دارالحکومت کو خیر مقدمی بینرز اور دونوں ملکوں کے پرچموں سے سجا دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ مسعود پزشکیان گزشتہ دو برسوں میں پاکستان کا دورہ کرنے والے دوسرے ایرانی صدر ہیں، یہ دورہ دراصل جولائی کے آخری ہفتے میں طے تھا۔
اپریل 2024 میں سابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے پاکستان کا 3 روزہ سرکاری دورہ کیا تھا، یہ دورہ ابراہم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں وفات سے ایک ماہ قبل کیا گیا تھا، اس دورے کے دوران انہوں نے لاہور اور کراچی کا بھی دورہ کیا تھا۔

گزشتہ روز ایکس پر ایک پوسٹ میں ایرانی صدر کے سیاسی مشیر مہدی سنائی نے کہا تھا کہ ’ڈاکٹر مسعود پزشکیان ہفتے کی شام 11 اگست کو وزیر اعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کریں گے۔‘
انہوں نے بتایا کہ دورے کے دوران سرکاری ملاقاتیں اور ’ ثقافتی و تجارتی شخصیات سے گفتگو’ ایجنڈے کا حصہ ہوں گی۔
انہوں نے لکھا تھا کہ’ پاکستان اور ایران کے تعلقات سیاسی، اقتصادی، مذہبی اور ثقافتی پہلوؤں پر محیط ہیں اور اس دورے کے مقاصد میں صوبائی و سرحدی تعاون کو فروغ دینا اور دوطرفہ تجارت کو موجودہ 3 ارب ڈالر سے بڑھانا شامل ہے۔’

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker