
کوئٹہ (آئی پی ایس )ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند کے مطابق قلات کے علاقے میں مسافر کوچ پر فائرنگ کا واقعہ رونما ہوا ہے جس کے نتیجے میں تین مسافر جاں بحق اور متعدد مسافر زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا، کئی مسافروں کی حالت نازک ہے، اسپتال میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی۔
ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے بتایا ہے کہ قلات کے علاقے نمرغ میں کراچی سے کوئٹہ جانے والی مسافر کوچ پر فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں 3 مسافر جاں بحق اور بچے سمیت 19 افراد زخمی ہو گئے۔شاہد رند نے بتایا کہ واقعے کے فورا بعد سیکیورٹی فورسز اور انتظامیہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جبکہ لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال قلات منتقل کر دیا گیا ہے۔
ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق ڈی ایچ کیو اسپتال قلات میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ کچھ زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔شاہد رند کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ سیکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز حملہ آوروں کا تعاقب کر رہی ہیں۔