
اسلام آباد: صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ کی زیر صدارت ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس کے عہدیداران کا اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں فنانس بل 2025 میں تجویز کردہ حکومتی اقدامات اور سیلز ٹیکس ایکٹ کی متنازع شقوں پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
اجلاس میں سینئر نائب صدر فیڈریشن ثاقب فیاض مگوں، زکی اعجاز، نائب صدر طارق جدون، کریم عزیز ملک، ملک سہیل، صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) سمیت متعدد رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران بزنس کمیونٹی نے حالیہ قانون سازی پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور صدر عاطف اکرام شیخ کی قیادت میں حکومت کے ساتھ سخت مؤقف اختیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ صدر ایف پی سی سی آئی نے اجلاس کے شرکاء کو وزیر خزانہ سے ہونے والی آئندہ ملاقات اور حکومتی مذاکرات کے شیڈول سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ قانون سازی نے کاروباری ماحول کو شدید متاثر کیا ہے، حکومت کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرے اور مسائل کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔
عاطف اکرام شیخ نے زور دیا کہ بزنس کمیونٹی کو متحد ہو کر اپنے مفادات کا تحفظ کرنا ہوگا۔ اجلاس میں شریک رہنماؤں نے کہا کہ حکومت کے حالیہ اقدامات سے کاروباری سرگرمیاں جمود کا شکار ہو چکی ہیں اور اس کا براہ راست اثر عام آدمی پر پڑے گا۔
بزنس کمیونٹی نے واضح اعلان کیا کہ فنانس بل اور سیلز ٹیکس ایکٹ کی متنازع شقوں پر کسی صورت عملدرآمد نہیں ہونے دیا جائے گا۔ شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صدر عاطف اکرام شیخ کی قیادت میں بزنس کمیونٹی کو تقسیم کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔