پاکستان

مانچسٹر کمیونٹی سنٹر میں پاکستانی مہمانوں کی تقریب، سی سی ڈی پنجاب کی کارکردگی کو سراہا گیا

مانچسٹر: مانچسٹر کمیونٹی سنٹر میں پاکستان سے آئے ہوئے مہمان چوہدری باؤ محمد اسلم کھٹانہ کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عنصر حیات نے پنجاب کرائم کاؤنٹر فورس (سی سی ڈی پنجاب) کی جرائم کے خلاف کارکردگی کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ کھاریاں، منڈی بہاؤالدین روڈ اور دیگر علاقوں کے چار لاکھ پاکستانیوں کا تعلق اپنے آبائی علاقوں میں فلاحی کاموں سے ہے۔ آج کے پروگرام میں پانچ سو ہموطنوں کی شرکت مادرِ وطن سے پیار اور یکجہتی کا واضح اظہار ہے۔ انہوں نے سی سی ڈی پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ادارے نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی اور گن کلچر کے خاتمے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

سی سی ڈی پنجاب کے انچارج سہیل ظفر چھٹہ اور ڈی آئی جی عمر سلامت جیسے فرض شناس افسران کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی کامیابی کے لیے دعا کی گئی۔ ڈاکٹر عنصر حیات نے کہا کہ نوے لاکھ پاکستانیوں کی دعائیں ادارے کے ساتھ ہیں اور امید ہے کہ گن کلچر کی جگہ تعلیمی مقابلے کا رجحان فروغ پائے گا۔

بیرسٹر افضال انور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرہ قانون کی بالادستی سے ہی ترقی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں سے وابستہ ہے، جو اپنے علاقوں میں امن و امان چاہتے ہیں۔ گن کلچر معاشرے کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ تھا، جس کے خاتمے سے مثبت تبدیلی آئی ہے۔

تقریب میں شرکاء نے سی سی ڈی پنجاب کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے پاکستان میں امن و استحکام کی خواہش کا اظہار کیا۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker