
تہران:ایرانی خبررساں ایجنسی "فارس” کی رپورٹ کے مطابق، اسرائیل نے 16 جون کو ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے اجلاس کی عمارت پر حملہ کیا جس میں صدر مسعود پزشکیان کی ٹانگ زخمی ہوگئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ 16 جون کی صبح تہران کے مغرب میں ایک عمارت کی نچلی منزلوں پر ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کا اجلاس ہوا جس میں متعدد اعلیٰ ایرانی حکام موجود تھے۔ عمارت کے داخلی راستوں پر چھ بم یا راکٹ سے حملہ کیا گیا۔ دھماکوں کے بعد عمارت کی بجلی منقطع ہوگئی، ایرانی حکام نے پہلے سے تیار کردہ ہنگامی راستے سے راہ فرار اختیار کی۔ متعدد حکام کو انخلا کے دوران معمولی چوٹیں آئیں جبکہ صدر پزشکیان کی ٹانگ میں بھی معمولی چوٹ آئی۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ اس حملے سے متعلق اسرائیلی فوج کے پاس موجود درست معلومات کو دیکھتے ہوئے، ایران نے ممکنہ جاسوسوں کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ 7 جولائی کو امریکی صحافی ٹکر کارلسن نے ایرانی صدر کے ساتھ انٹرویو جاری کیا۔ انٹرویو میں صدر پزشکیان نے کہا کہ اسرائیل نے 12 روزہ تنازع کے دوران انہیں قتل کرنے کی ناکام کوشش کی۔