
فتح جنگ : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن اور ہدایات کی روشنی میں عوامی مفاد اور صحتِ عامہ کے تحفظ کیلئے ضلعی انتظامیہ اٹک نے عوامی شکایات پر مؤثر اور فیصلہ کن کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر اٹک عاطف رضا اور اسسٹنٹ کمشنر فتح جنگ محترمہ سورتھ کی ہدایات پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹ اور تحصیلدار فتح جنگ چوہدری شفقت محمود نے منگل کے روز فتح جنگ شہر اور گردونواح میں غیرمعیاری مشروبات، جالی کولڈ ڈرنکس، اور گندے پانی سے تیار کردہ جعلی بوتلوں کی تیاری و فروخت کے خلاف زوردار کریک ڈاؤن کیا۔
چوہدری شفقت محمود کی قیادت میں کارروائی کے دوران ٹیم نے متعدد ایسی فیکٹریوں اور سیلنگ پوائنٹس پر چھاپے مارے جہاں انسانی صحت کیلئے مضر اشیاء تیار اور فروخت کی جا رہی تھیں۔ کارروائی کے دوران گنے کے جوس کے گندے یونٹ، ناقص مشروبات تیار کرنے والی فیکٹریاں، اور بوتلیں بھرنے والے غیررجسٹرڈ کارخانے سیل کیے گئے۔ چھاپوں کے دوران صفائی کی ناقص صورتحال، ملازمین کی غیر تربیت یافتہ حالت، اور بغیر کسی سرکاری اجازت کے کاروبار چلانے کے واضح شواہد ملے جس پر مجاز اتھارٹی نے موقع پر ہی سخت کارروائی کرتے ہوئے تمام یونٹس سیل کر دیے اور متعلقہ مالکان کو بھاری جرمانے عائد کیے۔
پرائس کنٹرول مجسٹریٹ چوہدری شفقت محمود نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق کسی کو بھی انسانی صحت سے کھلواڑ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ عوامی شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے غیرمعیاری اور مضر صحت اشیاء تیار کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اردگرد موجود جعلی اشیاء کی تیاری اور فروخت کے مراکز کی نشاندہی کریں تاکہ ضلعی انتظامیہ ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کر سکے۔
ضلعی انتظامیہ اٹک کی جانب سے اس کریک ڈاؤن کو شہریوں نے سراہا ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی صحت عامہ سے متعلق عوام دوست پالیسیوں کی بھرپور حمایت کی ہے۔ فتح جنگ میں اس کارروائی سے نہ صرف جعلی مشروبات کے کاروبار کو دھچکا لگا ہے بلکہ دیگر عناصر کیلئے بھی یہ واضح پیغام ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں کسی رعایت کی توقع نہ رکھی جائے۔