
سیئول:جنوبی کوریا کی مینجو پارٹی کے رکن اسمبلی اور قومی اسمبلی کی انٹیلی جنس کمیٹی کی حکمراں جماعت کے نمائندے پارک سن وون نے قومی اسمبلی میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ فوجی ذرائع کی اطلاع ہے کہ پچھلے سال اکتوبر میں شمالی کوریا کی جانب سے پیانگ یانگ میں ڈرون کی دراندازی کا الزام صحیح ہے اور یہ کارروائی واقعی جنوبی کوریا کی فوج نے انجام دی تھی۔
پارک سن وون نے بتایا کہ فوج کے اندرونی ذرائع کے مطابق، اُس وقت کے ڈرون آپریشن کمانڈر نے براہِ راست متعلقہ کارروائیوں کا حکم دیا۔ پارک سن وون نے کہا کہ سابق صدر یون سُک یول اور تب کے وزیر دفاع کِم یونگ ہِیون نے اس ڈرون واقعہ کے ذریعے شمالی کوریا کو جنوبی کوریا پر حملے پر اُکسانے کی کوشش کی تاکہ ہنگامی بنیاد پر مارشل لاء نافذ کیا جاسکے۔ پارک سن وون نے اس کو "جنگ کو بھڑکانے کی سازش” قرار دیا۔
ان دعووں کے جواب میں، جنوبی کوریا کی فوج نے اپنے روایتی موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان دعووں کی تصدیق نہیں کر سکتے۔