
ایران اسرائِیل فائر بندی کے بعد اسرائیل نے غزہ کی پٹی میں اپنے فوجی آپریشن کے پیمانے میں توسیع کردی ہے۔ 27 جون کو اسرائیلی افواج نے غزہ کی پٹی میں شمال سے جنوب تک متعدد علاقوں پر حملے کیے جن میں غزہ سٹی، برج پناہ گزین کیمپ، خان یونس، رفح اور دیگر مقامات شامل ہیں۔ فلسطینی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں 97 فلسطینی شہید اور 174 زخمی ہوئے ہیں۔ مقامی افراد کا کہنا تھا کہ نہتے لوگوں پر اسرائیلی فوج کے اچانک حملوں کی وجہ سے عوام کی زندگیاں خطرے سے دوچار ہیں۔
غزہ کی پٹی کے میڈیا آفس نے 27 جون کو ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ محض ایک ماہ کے دوران ،جب سے امریکہ اور اسرائیل کی حمایت یافتہ نام نہاد "غزہ ہیومینیٹیرین فاؤنڈیشن” نے غزہ میں اپنے کام کا آغاز کیا ہے، متعدد حملوں میں غزہ کے 500 سے زائد افراد امدادی سامان لینے کے عمل میں ہلاک جبکہ 4،000 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ بیان میں اس ایجنسی کی جانب سے تقسیم کیے جانے والے آٹے میں منشیات کی گولیاں ملنے کی بھی شدید مذمت کی گئی ہے جسے شہریوں کی صحت کے خلاف جرم قرار دیا گیا ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو، وزیر دفاع کاٹز اور اسرائیلی دفاعی افواج نے 27 جون کو ایک بیان جاری کرکے متعلقہ الزامات کی تردید کی ہے۔