
ایران کے خلاف اسرائیل کی فوجی کارروائیوں کی کئی ممالک کی جانب سے مذمت کی گئی ہے۔مقامی وقت کے مطابق اسی روز روسی صدارتی پریس سیکریٹری دمتری پیسکوف نے کہا کہ روس کو اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی میں تیزی سے اضافے پر تشویش ہے اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن وزارت دفاع، وزارت خارجہ اور فارن انٹیلی جنس سروس کے ذریعے حقیقی وقت میں تنازعات کی صورتحال پر آن لائن رپورٹس حاصل کر رہے ہیں ۔ روسی وزارت خارجہ نے 13 جون کو ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ روس اقوام متحدہ کے منشور کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایران پر اسرائیل کے مسلح حملے کی سختی سے مذمت کرتا ہے۔ خودمختار ریاستوں اور ان کے شہریوں، شہروں اور جوہری انفراسٹرکچر کے خلاف بلا اشتعال حملے ناقابل قبول ہیں۔اسی روز سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کیا جس میں ایران کے خلاف اسرائیل کی کھلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے ایران کی خودمختاری اور سلامتی نیز بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی خلاف ورزی کی ہے۔ اس کے علاوہ عمان، متحدہ عرب امارات، اردن، عراق، ترکی، قطر، لبنان، انڈونیشیا، پاکستان اور دیگر ممالک کی حکومتوں نے بھی اسرائیل کی فوجی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے بیانات جاری کیے ہیں۔