
یورپی کمیشن کے ترجمان نے کہا کہ یورپی یونین کو امریکہ کی جانب سے اسٹیل اور ایلومینیم کے محصولات کو 25 فیصد سے بڑھا کر 50 فیصد کرنے کے اعلان پر شدید افسوس ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ مذاکرات جاری ہیں، فریقین نے مذاکراتی عمل کو تیز کرنے پر اتفاق کیا ہے اور مذاکرات رواں ہفتے ہوں گے۔
یاد رہے کہ 31 مئی کو یورپی کمیشن نے ایک بیان میں امریکہ کی جانب سے درآمد شدہ اسٹیل اور ایلومینیم پر محصولات میں اضافے کے اعلان پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ یورپی یونین جوابی اقدامات کرنے کے لیے تیار ہے۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امریکی حکومت کے فیصلے نے عالمی معیشت میں غیر یقینی صورتحال میں مزید اضافہ کیا ہے اور محصولات میں اضافے نے اس مسئلے کے حل کے لیے مذاکرات کی جاری کوششوں کو نقصان پہنچایا ہے۔ بیان میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ یورپی کمیشن فی الحال جوابی اقدامات میں توسیع کے بارے میں حتمی مشاورت کر رہا ہے۔