
برمنگھم (سٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ق) (اوورسیز) برطانیہ کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر شوکت علی نے حالیہ پاک-بھارت کشیدگی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی فتح درحقیقت پوری اُمتِ مسلمہ کی فتح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنے دشمنوں، بالخصوص بھارت اور اسرائیل کو واضح پیغام دیا ہے کہ ہم نہ صرف اپنا بلکہ پورے عالمِ اسلام کا دفاع کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔
یہ بات انہوں نے لندن کے ایک مقامی ہوٹل میں صحافیوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایک پُرامن قوم ہیں، اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہم نے تقریباً ایک لاکھ جانوں کی قربانی دی، جو کہ دنیا کے کسی اور ملک نے نہیں دی۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں روایتی جنگیں ختم ہوتی جا رہی ہیں، اور پاکستان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے سب سے جدید جنگی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا ہے، جس نے دنیا بھر کے ممالک کو حیران کر دیا ہے۔ ہماری بہادر افواج قابلِ تعریف ہیں، اور ہم ملک کے اندر اور باہر بسنے والے محب وطن پاکستانی اپنی پروفیشنل فوج کو سلام پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ہماری افواج کے خلاف زہر اُگلنے والوں کو اب شرم سے ڈوب مرنا چاہیے۔ پاکستان آج ایک ناقابلِ تسخیر قلعہ بن چکا ہے — الحمدللہ۔
ڈاکٹر شوکت علی نے مزید کہا کہ بیرون ملک مقیم محب وطن پاکستانی، افواج پاکستان، حکومت اور تمام ریاستی اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو بھی حکومت میں نمائندگی دی جائے تاکہ ملکی معیشت اور خوشحالی میں مزید اضافہ ہو۔
انہوں نے یہ بھی تجویز دی کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے "ون ونڈو” سہولت کا اجرا کیا جائے، تاکہ ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔
اس موقع پر صدر برمنگھم محمد شفیق، میڈیا سیکریٹری شہزاد (لندن)، یوتھ ونگ کی صدر محترمہ اقراء، اور لیگل ونگ سے بیریسٹر محمد احمد نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر مسلم لیگ (ق) کے قائد چوہدری شجاعت حسین کی صحتیابی، ملک کی سلامتی اور بقاء کے لیے دعا کی گئی۔ مہمانوں کی روایتی پاکستانی کھانوں سے تواضع کی گئی۔