
بیجنگ : چینی وزارت خارجہ کی یومیہ پریس کانفرنس میں چین اور یورپی پارلیمنٹ کی جانب سے باہمی تبادلوں پر پابندیاں ہٹا نے کے حوالے سے وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیئن نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں میں، چین اور یورپ کے قانون ساز اداروں کے درمیان تبادلوں میں متعدد وجوہات کی بنا پر کچھ اہم موڑ آئے ہیں۔
موجودہ حالات میں دونوں فریقوں کا خیال ہے کہ چین اور یورپ کے لیے بات چیت اور تعاون کو مضبوط کرنا بہت ضروری ہے۔باہمی اتفاق رائے سے چین اور یورپی پارلیمنٹ نے بیک وقت اور جامع طور پر باہمی تبادلوں پر پابندیاں ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ جیسے ہی چین اور یورپی یونین اپنے قانون ساز اداروں کے درمیان تبادلوں کو مکمل طور پر بحال کریں گے، دونوں فریقوں کے درمیان افہام و تفہیم میں مزید گہرائی آئے گی، جو چین اور یورپی یونین کے تعلقات کی صحت مند اور مستحکم ترقی میں نئی تحریک پیدا کرے گی۔