
اسلام آباد: وفاقی وزیر سمندرپار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل چوہدری سالک حسین سے فارن افیئرز کمیٹی (ایف اے سی) اور پاکستان مسلم لیگ (ق) کے اراکین مسز بخاری اور ایچ کامران نے ملاقات کی۔اس ملاقات میں ملک کی ورک فورس کو مہارتوں کی فراہمی اور ان کی ترقی کے حوالے سے جاری حکومتی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اراکین نے اس سلسلے میں چودھری سالک حسین کے فعال اور مؤثر کردار کو سراہا اور اُن کی کوششوں کو نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا۔انہوں نے وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اُن کے عملی اقدامات نوجوانوں کی فنی تربیت اور عالمی معیار کی تیاری میں سنگِ میل ثابت ہوں گے۔اس موقع پر چودھری سالک حسین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے لیس کرنے اور عالمی مارکیٹ میں مؤثر انداز سے متعارف کرانے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔