کھیل

پاکستانی چمپئن باکسر محمد وسیم کا بلوچستان میں عالمی باکسنگ ایونٹ کرانے کا اعلان


مانچسٹر: پاکستان کے معروف باکسر محمد وسیم نے بلوچستان کے نوجوانوں کے لئے خوشخبری سنا دی۔ انہوں نے اعلان کیا ہے کہ جلد ہی کوئٹہ میں عالمی سطح کا باکسنگ ایونٹ منعقد کیا جائے گا، جس میں دنیا بھر سے نامور باکسر شریک ہوں گے۔

محمد وسیم نے کہا کہ اس باکسنگ میلے میں اہم قومی و بین الاقوامی شخصیات کی شرکت متوقع ہے، جو پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے پیش کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ایونٹ کے ذریعے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جائے گا اور اس مقصد کے لئے وہ پاک فوج اور بلوچستان حکومت کے تعاون سے کام کر رہے ہیں۔

وسیم نے اعلان کیا کہ ڈی ایچ اے کوئٹہ کے تعاون سے پاکستان بھر میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام بھی شروع کیا جائے گا، جس کے ذریعے ابھرتے ہوئے باکسرز کو تلاش کیا جائے گا۔ نمایاں کارکردگی دکھانے والے باکسرز کو برطانیہ میں تربیت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

محمد وسیم کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں عالمی سطح پر متعارف کرانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
محمد وسیم اس وقت 10 مئی کو ہونے والی اپنی اگلی فائیٹ کی تیاری کے لئے برطانیہ میں موجود ہیں۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker