پاکستانٹاپ سٹوری

پاکستان ڈیجیٹل معیشت میں بڑی تبدیلی کی راہ پر گامزن ہے، وزیراعظم


اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیجیٹل معیشت میں بڑی تبدیلی کی راہ پر گامزن ہے اور ہم اسے خطے میں ٹیکنالوجی، فنانس اور اختراع کا رکز بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان کے پہلے ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ (DFDI) فورم 2025 میں شرکت کرنے والے معروف عالمی آئی ٹی سرمایہ کاروں نے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔
وزیراعظم نے فورم کی افتتاحی تقریب کے دوران 700 ملین امریکی ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کے اعلانات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کی صلاحیتوں پر عالمی اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے شرکا کو حکومتی ریگولیٹری اصلاحات، مالیاتی ترغیبات اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو مستقبل کی ٹیکنالوجی پر مبنی روزگار کے لیے تیار کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت (AI) اور ڈیٹا سائنس جیسے شعبوں میں تعلیم و تربیت کے اقدامات پر عالمی کمپنیوں کے ساتھ تعاون کی خواہاں ہے۔

وزیراعظم نے سرمایہ کاروں کو مکمل حکومتی تعاون کا یقین دلاتے ہوئے طویل المدتی، باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں روسفٹ کے جبار رحیم خان نے 500 ملین ڈالر، sAi وینچر کیپیٹل کے طحہٰ نسیم اور احسن جمیل نے 100 ملین ڈالر، مشرق بینک کے فرنینڈو موریلو اور محمد ہمایوں سجاد نے 30 ملین ڈالر جبکہ Mindhyve.ai کے بلال کمال فاروقی نے 22 ملین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلیکام شزہ فاطمہ خواجہ اور اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دنیا بھر سے جدید ٹیکنالوجی کے سرمایہ کاروں اور پالیسی سازوں کا پاکستان میں جمع ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان خطے میں ڈیجیٹل معیشت کا ابھرتا ہوا مرکز بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 24 کروڑ کی آبادی پر مشتمل پاکستانی معیشت ڈیجیٹل اسٹارٹ اپس اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے خطے کی سب سے موزوں مارکیٹ ہے۔
وزیراعظم ان خیالات کا اظہار ڈیجیٹل تعاون تنظیم (DCO) کی سیکریٹری جنرل دیما الیحییٰ سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سب سے قیمتی اثاثہ نوجوان افرادی قوت ہے جسے ڈیجیٹل ہنر اور تربیت سے آراستہ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کاروبار دوست پالیسیوں، سرمایہ کاری کی سہولیات، اور جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی کو یقینی بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ نوجوانوں کو باعزت روزگار اور معیشت میں مؤثر کردار ادا کرنے کے مواقع میسر آئیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل تبدیلی اب محض رجحان نہیں بلکہ ایک معاشی انقلاب ہے جس سے دنیا کی معیشتوں کی ساخت بدل رہی ہے، اور پاکستان اس عالمی پیش رفت سے خود کو ہم آہنگ کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہا ہے۔

ڈیجیٹل تعاون تنظیم کی سیکرٹری جنرل دیما الیحییٰ نے ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ فورم 2025 کے انعقاد پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں اس عالمی اجلاس میں شرکت ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ ملاقات میں وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیل کام شزہ فاطمہ خواجہ، وزیراعظم کے مشیر سید توقیر شاہ، اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker