
بیجنگ :چین کے صوبہ لیاؤنینگ کے شہر لیاؤیانگ کے ایک ہوٹل میں آگ لگی۔منگل کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق دوپہر دو بجے تک حادثے میں 22 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہو چکے تھے۔ حادثے کے بعد سی پی سی سینٹرل کمیٹی کے جنرل سیکریٹری، چینی صدر اور مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین شی جن پھنگ نے اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ زخمیوں کا علاج کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے اور جلد از جلد حادثے کی وجہ معلوم کرکے قانون کے مطابق ذمہ داروں کو سنجیدگی سے سزا دی جائے۔
شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ "یوم مئی” کی تعطیل کی آمد آمد ہے، اور تمام خطوں اور متعلقہ محکموں کو حفاظتی ذمہ داریوں پر سنجیدگی سے عمل درآمد کرنا چاہئے اور بڑے حادثات کی روک تھام کیلئے اقدامات اٹھانے چاہئیں۔چین کے وزیر اعظم لی چھیانگ نے بھی حادثے پر اہم ہدایات دیں۔صدر شی جن پھنگ اور وزیر اعظم لی چھیانگ کی اہم ہدایات کے مطابق چین کی وزارت ایمرجنسی مینجمنٹ نے ہنگامے سے نمٹنے کی رہنمائی کے لیے ایک ورکنگ گروپ حادثے کی جگہ روانہ کیا۔ اس وقت جائے وقوعہ پر ریسکیو کام جاری ہے۔