
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈا کے سیاحوں نے تجارتی اور سیاسی کشیدگی کے باعث ہمسایہ ملک امریکہ کا سفر ترک کر دیا ہے۔
لاس اینجلس ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق ، متعدد کینیڈین امریکہ کا سفر کرنا چاہتے تھے لیکن انہوں نے اپنا منصوبہ تبدیل کرتے ہوئے میکسیکو کا سفر اختیا ر کیا ہے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کینیڈین معیشت پر ٹرمپ انتظامیہ کے حملے اور کینیڈا کو امریکہ کی اکیاونویں ریاست بنانے کی بار ہا دھمکیوں نے کینیڈا کے شہریوں کو ناراض کیا ہے جس کی وجہ سے انہوں نے اپنے امریکہ کے دورے منسوخ کر دیے ہیں۔ کینیڈین حکومت نے اپریل میں امریکہ کے لیے اپنے سفری انتباہ کو اپ گریڈ کرتے ہوئے متنبہ کیا تھا کہ کینیڈا کے شہریوں کو امریکی سرحدی ایجنٹوں کی جانب سے جانچ پڑتال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور سرحد پار کرنے پر انہیں حراست میں بھی لیا جا سکتا ہے۔
امریکن ٹریول ایسوسی ایشن کے مطابق کینیڈا کے شہری امریکہ میں سیاحت کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں جہاں گزشتہ سال 20.4 ملین سیاحوں نے 20.5 بلین ڈالر خرچ کیے تھے۔لیکن موجودہ صورتحال کے بارے میں وینکوور کی ایک ٹریول کمپنی کا کہنا ہے کہ کمپنی کا امریکہ کے لیے سفری کاروبار تقریباً رک چکا ہے اور فروری کے بعد سے اس میں 90 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔