
مانچسٹر: پاکستان کے قونصلیٹ جنرل آفس مانچسٹر میں تعینات کمیونٹی ویلفیئر اتاشی مصباح نورین نے کہاہے کہ قونصلیٹ جنرل حکومت پاکستان اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے درمیان ایک موثر رابطہ کاری کا ذریعہ ہے،ہماری ٹیم شہریوں کو ان کے حقوق اور سہولیات تک رسائی دینے کیلئے ہر ممکن کوشش کرتی ہے، پاکستانی شہریوں کے لیے سفری و قانونی دستاویزات کی فراہمی کے عمل کو تیز اور آسان بنایا دیا گیا ہے ۔
ایک انٹرویومیںکمیونٹی ویلفیئر اتاشی مصباح نورین نے قونصلیٹ جنرل کی خدمات اور کامیابیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے پاکستان کے قونصلیٹ جنرل آفس مانچسٹر نے ایک جامع اور موثر نظام وضع کیا ہے ،پاکستانی شہریوں کے لیے پاسپورٹ کی تجدید، پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ، فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (ایف آر سی)اور دیگر سفری و قانونی دستاویزات کی فراہمی کے عمل کو تیز اور آسان بنایا ہے۔ مصباح کے مطابق، تمام خدمات ترجیحی بنیادوں پر انجام دی جاتی ہیں، خاص طور پر ہنگامی صورت حال میں فوری کارروائی یقینی بنائی جاتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو اکثر پاکستان میں جائداد یا دیگر قانونی پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ایسے معاملات میں قونصلیٹ جنرل آفس مقامی اداروں کے ساتھ رابطہ کاری کر کے شہریوں کو انصاف دلوانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوںنے زور دیا کہ اگر کسی پاکستانی شہری کے ساتھ بینکنگ دھوکہ دہی یا آن لائن اسکام کا واقعہ پیش آئے، تو قونصلیٹ کی ٹیم متعلقہ پاکستانی اتھارٹیز کے ساتھ مل کر متاثرین کو قانونی مدد فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہابرطانیہ میں رہائش پذیر پاکستانیوں، خاص طور پر پنجاب، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے شہریوں کے لیے پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اگر کسی وجہ سے آن لائن اپوائنٹمنٹ دستیاب نہ ہو، تو ہنگامی صورت حال میں "واک ان” سروس کے ذریعے فوری طور پر سرٹیفکیٹ جاری کر دیا جاتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ کونسلیٹ جنرل آفس نہ صرف پاکستانی برادری کی خدمت کر رہا ہے، بلکہ یہ حکومت پاکستان اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے درمیان ایک موثر رابطہ کاری کا ذریعہ بھی ہے۔ ان کی ٹیم ہر ممکن کوشش کرتی ہے کہ شہریوں کو ان کے حقوق اور سہولیات تک رسائی حاصل ہو سکے۔قونصلیٹ جنرل آفس مانچسٹر کی یہ کاوشیں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ایک قابل اعتماد سہارا ثابت ہو رہی ہیں۔