
نوم پین :چینی صدر شی جن پھنگ کمبوڈیا کے بادشاہ نورودوم سیہامونی کی دعوت پر کمبوڈیا کے سرکاری دورے پر خصوصی طیارے کے ذریعے نوم پین پہنچے۔
جمعرات کے روز چینی میڈ یا نے بتا یا کہ جب شی جن پھنگ نوم پین انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے تو بادشاہ سیہامونی کی قیادت میں شاہی خاندان کے ارکان، پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سینیٹ کے چیئرمین ہن سین، قومی اسمبلی کے پہلے نائب چیئرمین اور پانچ نائب وزرائے اعظم نے ہوائی اڈے پر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔سیہامونی نے ہوائی اڈے پر صدر شی جن پھنگ کے لئے ایک شاندار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا۔شی جن پھنگ نے ان کے ہمراہ گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔اس دوران فوجی بینڈ نے چین اور کمبوڈیا کے قومی ترانے پیش کیے۔
اس کے علاوہ وہاں موجود سینکڑوں مقامی افراد نے بھی صدر شی جن پھنگ کا پر تپاک استقبال کیا۔ انھوں نے دونوں ممالک کے قومی پرچم اور دیگر بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر "کمبوڈیا-چین دوستی، اتحاد اور تعاون زندہ باد” کے الفاظ درج تھے۔ہوائی اڈے پر شی جن پھنگ نے اپنی تحریری تقریر میں کمبوڈیا کے روایتی نئے سال کے موقع پر کمبوڈیا کی حکومت اور عوام کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔
شی جن پھنگ نے اس بات کی نشاندہی کی کہ دونوں ممالک نے دوطرفہ ہم نصیب معاشرے کی تعمیر اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو پر تعاون کرنے میں قائدانہ کردار ادا کیا ہے، ایک نئی قسم کے بین الاقوامی تعلقات کی تعمیر کے لئے ایک مثال قائم کی ہے اور انسانیت کے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دوستی اور مشترکہ ترقی، تزویراتی تعاون کو گہرا کرنے، دونوں ممالک کے عوام کو مزید فوائد پہنچانے اور علاقائی اور عالمی امن و استحکام میں مزید مثبت توانائی پیدا کرنے کے لیے کمبوڈیا کے رہنماؤں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں ۔