
اسلام آباد/ریاض(آئی پی ایس) وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی ہے۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی ہمراہ ہیں۔ ملاقات کے دوران ثقافتی تبادلے اور تعلیمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پرزوردیا گیا اور پاک سعودی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد سے ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات، پاک سعودی سرمایہ کاری، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران پاک سعودی عسکری تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا اورمشترکہ وژن کو فروغ دینے کیلئے ہرسطح پر مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
ولی عہد نے سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کا اعتراف کیا۔ ثقافتی تبادلے اور تعلیمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پرزور اورپاک سعودی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر، وزیرخارجہ اسحاق ڈار، وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز بھی شریک تھے۔
وزیراعظم وفد کے ہمراہ جدہ پہنچے تو گورنر جدہ شہزادہ سعود بن عبداللہ بن جلاوی نے استقبال کیا۔ بعد ازاں مکہ پہنچنے پر نائب گورنر سعود بن مشال نے ان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم عمرہ کی سعادت بھی حاصل کریں گے۔
بعد ازاں وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام میں کہا کہ سعودی عرب کے ولی عہد سے آج ریاض میں ملاقات ہوئی، ملاقات میں باہمی تعاون کے فروغ کے لئے تعمیری گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ مشرق وسطیٰ، یوکرین میں امن کے لئے سعودی عرب کا کردار قابل تعریف ہے، دو طرفہ تعلقات باہمی اقتصادی شراکت داری میں تبدیل ہو رہے ہیں، سرمایہ کاری، توانائی، دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوئی، سعودی عرب کے مسلسل تعاون پرسعودی ولی عہدکےمشکور ہیں۔
بنوں میں دہشتگردوں کا جدید اسلحہ سے پولیس چوکی پر حملہ، اہلکاروں کا بھرپور مقابلہ، ملزمان فرار
پشاور(آئی پی ایس) صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں کنگر پل پولیس نے چوکی پر دہشت گردوں کی جانب سے جدید ہتھیاروں سے کیا گیا حملہ بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس حکام نے بتایا کہ دہشت گردوں نے پولیس چوکی پر جدید اور خودکار ہتھیاروں سے حملہ کیا، پولیس کی بھرپور جوابی کارروائی سے حملہ آور فرار ہوگئے، پولیس کی اضافی نفری موقع پر پہنچ گئی، دہشت گردوں کی تلاش جاری ہے، علاقے کی ناکہ بندی کی جارہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے، تاہم اسی پولیس چوکی پر پہلے بھی کئی بار حملے ہوچکے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی بنوں کے علاقے فتح خیل میں دہشت گردوں نے پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کر دیا تھا، جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید ہوئے تھے۔
پولیس عہدیدار نے بتایا تھا کہ حملہ آوروں نے آدھی رات کو ہونے والے حملے میں ہلکے اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا، یہ ہر طرف سے کیا گیا حملہ تھا، جس کا مقصد پولیس چوکی کا کنٹرول حاصل کرنا تھا، ڈیوٹی پر موجود افسران نے مؤثر طریقے سے جوابی فائرنگ کی، جس پر دہشتگرد اپنے مقصد میں ناکام ہوئے۔
پولیس کے عہدیدار نے بتایا تھا کہ اہلکاروں نے حملہ آوروں کو اس وقت تک مصروف رکھا، جب تک کہ کمک نہیں پہنچ گئی تھی، سیکورٹی اہلکاروں نے پولیس چوکی پر قبضہ کرنے کی عسکریت پسندوں کی کوشش کو ناکام بنایا تھا، جس کے بعد وہ شدید فائرنگ کے بعد فرار ہونے پر مجبور ہوگئے تھے۔
امریکا نے بانی پی ٹی آئی سے متعلق سوال پر ردعمل دینے سے انکار کردیا
واشنگٹن(آئی پی ایس)امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے بانی پی ٹی آئی سے متعلق سوال پر ردعمل دینے سے انکار کردیا۔
بریفنگ کے دوران ایک صحافی کے سوال پر ٹیمی بروس نے کہا کہ امریکی حکومت کسی دوسرے ملک کے اندرونی معاملات پر بات نہیں کرے گی۔
ٹیمی بروس نے مزید کہا کہ اگر کسی کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سوچ سے متعلق معلومات درکار ہوں تو وہ وائٹ ہاؤس سے رابطہ کرسکتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی وضاحت کی کہ صدر ٹرمپ اور وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ہمیشہ یہ واضح کیا ہے کہ امریکا کو اپنے پڑوسیوں اور دنیا بھر کے معاملات کی پرواہ ہے۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ ہمیں اس بات کی فکر ہے کہ دنیا میں کیا ہو رہا ہے اور یہ ہمارے اقدامات سے ظاہر ہوتا ہے۔
ترجمان ٹیمی بروس نے اس جواب کے بعد سوال کرنے والے کا شکریہ ادا کیا اور بریفنگ میں اگلے سوال کی جانب منتقل ہو گئیں۔