پاکستانتجارت

بجلی کی قیمت میں کم از کم 10 روپے کمی کی جائے، ایف پی سی سی آئی کا مطالبہ

اسلام آباد: فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے عہدیداران نے نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بجلی کی قیمتوں اور پالیسی ریٹ میں فوری کمی کا مطالبہ کیا ہے۔ عہدیداران کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کے استحکام اور برآمدات کے فروغ کے لیے توانائی کی قیمتوں کو خطے کے برابر لانا ناگزیر ہے۔

ای پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ چیمبرز کی دو سالہ مدت کے حوالے سے گفت و شنید جاری ہے جبکہ حکومت یہ بات سمجھ رہی ہے کہ چار ماہ قبل ہی انتخابات مکمل ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز سے متعلق میڈیا اور بزنس کمیونٹی نے مل کر کوششیں کیں جس کے نتیجے میں بجلی کی قیمت میں 4 سے 5 روپے کمی ممکن ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں بجلی کا ریٹ 6 سے 7 سینٹ فی یونٹ ہے جبکہ پاکستان میں یہ 15 سینٹ تک ہے، جو صنعت کی بحالی اور برآمدات کے لیے نقصان دہ ہے۔ عاطف اکرام شیخ نے مطالبہ کیا کہ پالیسی ریٹ کو فوری طور پر سنگل ڈیجٹ میں، کم از کم 8 فیصد تک لایا جائے تاکہ سرمایہ کاری کو فروغ ملے۔

اس موقع پر یو بی جی کے پیٹرن انچیف ایس ایم تنویر نے کہا کہ ملکی معیشت مثبت سمت میں جا رہی ہے مگر اب بھی ڈالرز کی شدید ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈالرز حاصل کرنے کے دو ہی طریقے ہیں؛ یا آئی ایم ایف کے پاس جائیں یا پھر انڈسٹری کو بحال کرکے برآمدات بڑھائی جائیں۔

ایس ایم تنویر نے کہا کہ اگر توانائی کی قیمتوں کو خطے کے برابر نہ لایا گیا تو برآمدات میں اضافہ ممکن نہیں ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے 14 آئی پی پیز سے معاہدے ریوائز کیے ہیں اور 6 آئی پی پیز منسوخ کیے ہیں، جس سے بجلی نرخوں پر 2 روپے 30 پیسے کمی متوقع ہے۔ تاہم، ان کا کہنا تھا کہ یہ کمی ناکافی ہے اور بجلی کی قیمتوں میں کم از کم 10 روپے کمی ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ بجلی قیمتوں پر انڈسٹری تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے، اور مطالبہ کیا کہ بجلی کی قیمت 26 روپے فی یونٹ مقرر کی جائے۔ ایس ایم تنویر نے پالیسی ریٹ میں کمی پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ شرح سود 9 فیصد ہونا چاہیے تاکہ معیشت کو سہارا مل سکے۔

عہدیداران کا کہنا تھا کہ حکومت فوری اقدامات کرے تاکہ توانائی بحران پر قابو پایا جا سکے اور برآمدات کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker