
عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابو غیط نے اس بات کا اعادہ کیا کہ عرب لیگ فلسطینیوں کو اپنی سرزمین سے بے دخل کرنے کی کسی بھی کوشش کی سختی سے مخالفت کرتی ہے، اور اس بات پر زور دیا کہ "غزہ کی پٹی برائے فروخت نہیں ہے”۔ غیط نےدریائے اردن کے مغربی کنارے میں اسرائیل کی جانب سے فوجی کارروائیوں میں حالیہ اضافے کی بھی مذمت کی۔
اسی روز یمن کے حوثی رہنما عبدالمالک حوثی نے کہا کہ غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے سے فلسطینی عوام کو بے دخل کرنے کا امریکہ کا منصوبہ دراصل مسئلہ فلسطین کو مکمل طور پر ختم کرنے کی کوشش ہے۔ اگر امریکہ اور اسرائیل نے فلسطینی عوام کو طاقت کے ذریعے بے دخل کرنے کے اپنے منصوبوں پر عمل درآمد کیا تو حوثی فوجی کارروائی کریں گے۔ ٹرمپ کے حالیہ مطالبے کے جواب میں کہ حماس 15 فروری کی دوپہر سے پہلے تمام قیدیوں کو رہا کرے بصورت دیگر غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کا معاہدہ ختم کر دیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ اگر امریکہ اور اسرائیل نے کشیدگی بڑھانے کا انتخاب کیا تو حوثی بھی فوری طور پر فوجی کارروائی کریں گے۔