بیجنگ:چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیئن نے یومیہ پریس کانفرنس میں تھائی وزیر اعظم کے دورہ چین کے دوران آن لائن جوئے اور ٹیلی کمیونیکیشن فراڈ کے خلاف کریک ڈاؤن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چینی صدر شی جن پھنگ، وزیر اعظم لی چھیانگ اور قومی عوامی کانگریس کے چیئرمین چاؤ لہ جی نے بالترتیب تھائی وزیر اعظم پھیتھونگ تھارن شناوترا کے ساتھ بات چیت کی اور آن لائن جوئے اور ٹیلی کمیونیکشن فراڈ کے خلاف کریک ڈاؤن کو مضبوط بنانے پر اہم اتفاق رائےطے پایا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ تھائی لینڈ اور میانمار کی سرحد پر آن لائن جوئے اور ٹیلی کمیونیکشن فراڈ کے حالیہ سنگین واقعات نے چین اور تھائی لینڈ سمیت متعلقہ ممالک کے باشندوں کے جان و مال کو خطرے میں ڈال دیا ہے اور خطے میں معمول کے تعاون اور تبادلے میں خلل پیدا کیا ہے۔ ان جرائم کے خلاف سختی سے کریک ڈاؤن خطے کے ممالک کے مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لئے ناگزیر ہے اور تمام ممالک کے عوام کی مشترکہ توقعات کے مطابق ہے. چین تھائی لینڈ اور میانمار سمیت دیگر ہمسایہ ممالک کے ساتھ فعال طور پر دوطرفہ اور کثیر الجہتی تعاون کر رہا ہے تاکہ مشترکہ طور پر اس طرح کے جرائم کو ختم کیا جائے اور عوام کے جان و مال کی حفاظت اور خطے کے ممالک کے مابین تبادلوں اور تعاون کا تحفظ کیا جاسکے.