فلسطینی عوام کے ناقابل تنسیخ حقوق کے استعمال سے متعلق اقوام متحدہ کی کمیٹی کے سال 2025 کے اجلاس کی افتتاحی تقریب میں، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اپنی تقریر میں فلسطینی عوام کے بنیادی انسانی حقوق کی اہمیت پر زور دیا اور فلسطین اور غزہ کی پٹی میں مقبوضہ علاقوں کی سنگین صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
انتونیو گوتریس نے کہا کہ فلسطینی عوام کا بنیادی حق اپنی سرزمین پر انسانی وقار کے ساتھ جیناہے تاہم یہ حق فلسطینیوں سے مسلسل چھینا گیا ہے ۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مستقل جنگ بندی کے حصول کو فروغ دیا جانا چاہیئے اور تمام قیدیوں کی جلد از جلد رہائی کو یقینی بنایا جانا چاہیے تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے۔ انہوں نے عالمی برادری کو متنبہ کیا کہ اسے بین الاقوامی قانون کی پابندی کرنی چاہیے اور”نسل مٹانے” کے کسی بھی ایسے عمل کو روکنا چاہئے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اس بات کا اعادہ کیا کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے حصول کے لیے "دو ریاستی حل” پر عمل درآمد ہی واحد قابل عمل راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو فلسطینی اتھارٹی کی حمایت کرنی چاہیئے۔انتونیو گوتریس نے مغربی کنارے میں تشدد کے مسلسل بڑھنے پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور تمام متعلقہ فریقوں سے مطالبہ کیا کہ وہ عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کا احترام کریں اور فلسطینی سرزمین پر قبضہ ختم کریں۔