
بیجنگ:کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی سنٹرل کمیٹی نے ویت نام کی کمیونسٹ پارٹی کی سنٹرل کمیٹی کو ایک پیغام بھیجا جس میں ویت نام کی کمیونسٹ پارٹی کی پچھیانویں سالگرہ پر مبارکباد دی گئی۔
مبارکباد کے پیغام میں کہا گیا کہ پچھیانوے سالوں سے، ویت نام کی کمیونسٹ پارٹی نے ویت نامی عوام کو متحد رکھتے ہوئے قومی اتحاد اور قومی آزادی کو حاصل کیا ہے اور سوشلسٹ تعمیر اور جدیدکاری کے سلسلے میں قابلِ ذکر کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ خاص طور پر ویت نام کی کمیونسٹ پارٹی کی تیرہویں کانگریس کے بعد سے، ویت نام میں سیاسی استحکام، سماجی امن اور معاشی ترقی میں
زبردست پیشرفت، اور اس کی بین الاقوامی حیثیت میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ پیغام میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سی پی سی اور ویت نام کی کمیونسٹ پارٹی کے درمیان انقلابی دوستی اور دوستانہ تعاون کا تعلق بہت پرانا ہے۔ دونوں ممالک کے عوام نے انقلابی جدوجہد میں ایک دوسرے کی حمایت کی، سوشلسٹ تعمیر میں شانہ بشانہ کام کیا، اور اصلاحات اور جدیدکاری کے عمل میں آگے بڑھتے ہوئے، سوشلسٹ جدیدیت کے سفر پر ایک ساتھ چل رہے ہیں۔ سی پی سی ہمیشہ سے چین اور ویت نام کے درمیان پارٹی اور ریاستی تعلقات کو اسٹریٹجک اور طویل المدتی نکتہ نظر سے اہمیت دیتی ہے، اور ویت نام کی کمیونسٹ پارٹی کے ساتھ مل کر دونوں پارٹیوں کے اعلیٰ قائدین کے درمیان ہونے والے اہم اتفاق رائےکو عملی جامہ پہنانے، اعلیٰ سطحی تعلقات کو مضبوط بنانے، اسڑیٹجک مواصلات کو بڑھانے، روایتی دوستی کو مستحکم کرنے، مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے، پارٹی اور ریاست کے نظریات اور تجربات کے تبادلے کو گہرا کرنے، اور اپنے اپنے ممالک کی خصوصیات کے مطابق سوشلسٹ ترقی کے راستے کی تلاش میں مشترکہ کوششیں کرنے کے لیے تیار ہے۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی جانب سے دیے گئے مبارک باد کے پیغام میں یہ بھی کہا گیا کہ ہم چین اور ویت نام کے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کو مزید گہرا کرنے، دونوں ممالک کے عوام کو زیادہ سے زیادہ فوائد پہنچانے، اور انسانی امن اور ترقی کے امور میں زیادہ سے زیادہ شراکت کے لیے پرعزم ہیں۔