اسلام آباد:قومی ائیر لائن کا یورپ کیلئے فلائٹ آپریشن ساڑھے 4 سال بعد بحال ہو گیا۔
قومی ائیر لائن کی پرواز پی کے 749 نے پیرس کے لیے اڑان بھرلی، پیرس جانے والی قومی ائیر لائن کی پرواز میں 323 مسافر سوار ہیں، یورپ کے لیے قومی ائیر لائن کا فلائٹ آپریشن ساڑھے 4 سال بعد بحال ہوا ہے۔
وزیرِ اعظم کی پی آئی اے کی یورپ کیلئے پروازوں کی بحالی کے بعد پیرس کیلئے پہلی پرواز کی روانگی پر عوام کو مبارکباد
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی پی آئی اے کی یورپ کیلئے پروازوں کی بحالی کے بعد پیرس کیلئے پہلی پرواز کی روانگی پر عوام کو مبارکباد پیش کی ۔
وزیراعظم نے کہا کہ پی آئی اے کی یورپ کیلئے پروازوں کی بحالی سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولت ہوگی،
بیرون ملک مقیم پاکستانی براہ راست پروازوں سے مستفید ہو سکیں گے،
پروازوں کی بندش سے قومی ایئر لائن کو اربوں ڈالر کا نقصان اور اسکی ساکھ متاثر ہوئی،
اللہ کے فضل و کرم سے حکومت نے قومی ایئر لائن کا تشخص بحال کیا،
یورپ پروازوں کی بحالی کے بعد پی آئی اے ترقی کی جانب گامزن ہے،
اس حوالے سے نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیرِ ہوابازی و وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف، متعلقہ تمام ادارے، انکے افسران و اہلکار تحسین کے لائق ہیں۔
ساڑھے 4 برس بعد یورپ کے لیے آپریشن بحال ہونے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا قومی ائیر لائن کے منافع بخش روٹس بند ہو گئے تھے، ہم چاہیں گے کہ قومی ائیر لائن کی نجکاری کی جائے۔
ان کا کہنا تھا قومی ائیر لائن ہماری شناخت ہے جس سے ہم محروم کر دیے گئے تھے، پیرس جانے والی قومی ائیر لائن کی پرواز کی 100 فیصد بکنگ ہوئی ہے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا قومی ائیر لائن پاکستانیوں کی میتیں بغیر کسی چارجز کے مفت لے کر آتی تھی لیکن فلائٹ آپریشن بند ہونے سے اوور سیز پاکستانی اس سہولت سے محروم ہو گئے تھے۔
ان کا کہنا تھا پورے یورپ کے لیے قومی ائیر لائن کی پروازیں بحال ہو گئی ہیں، یورپ کی فضاوں میں ایک بار پھر سبز ہلالی پرچم لہرانا شروع ہو گیا ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا ایک غیر ذمہ دار بیان نے قومی ائیر لائن کو بہت نقصان پہنچایا، ایسے غیر ذمہ دارانہ بیانات دینے والوں کا احتساب ہونا چاہیے۔