اسلام آباد(آئی پی ایس) یونان میں پیش آنے والے کشتی حادثے میں ملوث اہم ملزم سمیت 10 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
ڈائریکٹر وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے ) کے مطابق یونان کشتی حادثے میں گرفتار ملزمان میں وزارت داخلہ کی ریڈ بک کا انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر عمران عرف مانی بھی شامل ہے۔
انسانی اسمگلر عمران عرف مانی نے کشتی حادثے میں جاں بحق 6 افراد کو لیبیا بھجوایا تھا جن سے اس نے فی کس 24 لاکھ روپے وصول کیے تھے تاہم حادثے کے بعد سے ملزم روپوش تھا جسے اب گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق عمران عرف مانی سمیت 4 ملزمان کو گجرات اور گوجرانوالہ سے گرفتار کیا گیا ہے جبکہ سرگودھا، فیصل آباد اور اسلام آباد سے 6 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
ایف آئی اے ترجمان کا بتانا ہے کہ ملزمان 2023 میں ہونے والے لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ہیں جنہوں نے لیبیا کشتی حادثے کے 9 متاثرین سے 5 کروڑ 16 لاکھ روپے ہتھیائے تھے۔
واضح رہے کہ 13 اور 14 دسمبر 2024 کی درمیانی شب یونان کے جزیرے کریٹ پر پیش آنے والے کشتیوں کے حادثے میں 44 پاکستانیوں کو ریسکیو کیا گیا تھا، کشتی لیبیا کے علاقے تبروک سے یونان جا رہی تھی، 9 پاکستانیوں کی لاشیں اب تک مل چکی ہیں جبکہ دیگر لاپتہ افراد کو مردہ قرار دیا جا چکا ہے۔