غزہ میں طبی عملے اور شہری دفاع کے حکام نے بتایا کہ 26 سے 27 دسمبر تک اسرائیلی ڈیفنس فورسز کے حملوں میں غزہ شہر کے ایک ہی گھر کے 15 افراد سمیت کم از کم 25 فلسطینی شہید ہوئے۔
فلسطینی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے اسی روز غزہ شہر کے مغرب میں واقع شطی پناہ گزین کیمپ پر بھی فضائی حملہ کیا جس میں کم از کم تین افراد مارے گئے۔ غزہ شہر کے دو علاقے بھی اسرائیلی فضائی حملوں کی زد میں آئے جس میں کم از کم تین افراد شہید ہوئے۔
اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر برائے انسانی امور نے غزہ پر مسلسل حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں فلسطینی ہلاک ہو ئے ہیں۔اس کے علاوہ شمالی غزہ میں اقوام متحدہ کی ٹیم کو انسانی امداد کی فراہمی میں بھی رکاوٹیں ڈالی جارہی ہیں۔ اسرائیلی حکام نے ایک بار پھر اقوام متحدہ کی جانب سے محصور علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کو مسترد کر دیا۔
دریائے اردن کے مغربی کنارے پر گزشتہ 10 دنوں میں اسرائیلی فوج کی کارروائیوں میں 20 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں کم از کم 12 افراد فضائی حملوں میں مارے گئے ہیں ۔