اسلام آباد:وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی سدا بہار تذویراتی شراکت داری نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے، پاکستان اور چین کے درمیان ترقی وخوشحالی کے بے پناہ مواقع ہیں، دونوں ملک عالمی امن و خوشحالی کے لیے مل کر کام کرسکتے ہیں۔
اسلام آباد میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور چین کے بانی ماؤزے تُنگ کے مجسموں کی نقاب کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ چین کے عوام کے لیے پاکستان دوسرا گھر ہے، پاکستان اور چین کے درمیان دہائیوں پر محیط تعلقات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان باہمی اشتراک اور دیرینہ تعلقات ہیں، عالمی امن و خوشحالی کے لیے پاکستان اور چین مل کر کام کرسکتے ہیں،پاکستان اور چین کے درمیان ترقی وخوشحالی کے بے پناہ مواقع ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ زرعی شعبے میں اعلیٰ تعلیم کے لیے اگلے ماہ گریجویٹس چین جارہے ہیں،انہوں نے کہا کہ پاکستان وادی سندھ کی قدیم ترین تاریخ کا مسکن ہے۔
اس سے قبل معروف چینی مجسمہ ساز ماسٹر یو آن نے کہا کہ قائد اعظم اور ماؤزے تنگ عظیم لیڈر تھے، انہوں نے کہا کہ سی پیک کے 10سال پورے ہونے پر مجسموں کا تحفہ میرے لیے باعث فخر ہے، انہوںے کہا کہ قائد اعظم اور ماؤزے تنگ کی عظمت نے ان کے مجسمے بنانے پر مجبور کیا۔