بین الاقوامی

چین، 2027 کے اختتام تک 85 فیصد صارفین کو 5 جی تک رسائی حاصل ہونے کی توقع

بیجنگ (شِنہوا) چین 2027 کے اختتام تک 5 جی صارفین کی رسائی کی شرح 85 فیصد سے زائد کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جس کے لئے دنیا کی دوسری سب سے بڑی معیشت 5 جی ٹیکنالوجیزایپلی کیشنز کو وسیع پیمانے پر بڑھارہی ہے۔

متعدد سرکاری اداروں کے تیار کردہ لائحہ عمل کے مطابق اُس وقت تک ہر 10 ہزار افراد پر 5 جی بیس اسٹیشنز کی تعداد 38 ہوگی۔ موبائل انٹرنیٹ ٹریفک میں 5 جی کا حصہ 75 فیصد ہوگا اور ملک میں 5 جی سے منسلک انٹرنیٹ آف تھنگز ٹرمینلز کی تعداد 10 کروڑ سے زائد ہوجائے گی۔

ایک جاری کردہ منصوبے میں بتایا گیا ہے کہ بڑے اور درمیانے درجے کی صنعتی کمپنیوں میں 5 جی ٹیکنالوجیز کی رسائی کی شرح 2027 کے اختتام تک 45 فیصد تک پہنچ جائے گی۔

یہ منصوبہ 5 جی ایپلی کیشنز کی بڑے پیمانے پر ترقی کو بھرپور طریقے سے فروغ دینے، نئے معیار کی پیداواری قوتوں میں پیشرفت تیز کرنے ، نئی نسل کی انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مقبولیت و اطلاق میں سہولت فراہم کرنے اور اعلیٰ معیار کی معاشی اور معاشرتی ترقی میں نئی محرک قوتوں کو مضبوط بنانے کے لئے تیار کیا گیا ہے۔

یہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجیزکے انضمام اور اختراع کو فروغ دینے اور ملک میں نئی صنعتوں ، اطلاعات اور مواصلات کی صنعت میں جدیدیت میں تعاون کی کوشش بھی ہے۔

رواں سال ستمبر کے اختتام تک چین میں 5 جی بیس اسٹیشنز کی تعداد تقریباً 40 لاکھ 90 ہزار تک پہنچ گئی تھی ۔

وزارت صنعت و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اعداد و شمار کے مطابق 5 جی موبائل صارفین کی تعداد 98 کروڑ 10 لاکھ ہوچکی ہے، تقریباً 1.4 ارب کی آبادی کے حامل ملک میں صارفین کی 5 جی تک رسائی کی شرح تقریباً 70 فیصد ہوچکی ہے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker