اسلام آباد : صدرفیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( ایف پی سی سی آئی) عاطف اکرام شیخ نے آئی ایم ایف کے مطالبے پر ریونیو شارٹ فال پورا کرنے کیلئے اضافی ٹیکسز لگانے سے گریز کا مطالبہ کر دیا ۔ اپنے ایک بیان مین انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر جی ایس ٹی لگانے اور لیوی میں اضافے سے مہنگائی میں اضافہ ہو گا ، ملک میں محصولات کی بلند شرح مزید لوگوں کو ٹیکس چوری کی ترغیب دے گی،حکومت 180ارب کا ٹیکس شارٹ فال پورا کرنے کیلئے عوام پر مزید ٹیکس بوجھ نہ ڈالے۔
صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ جو ٹیکس چوری کر کے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہے ہیں ان کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے، حکومتی معاشی ٹیم کوریونیو شارٹ فال کم کرنے کیلئے طویل المدتی اقدامات اٹھانے چاہئیں ،ایف بی آر کا ٹیکس شارٹ فال ٹیکس نظام میں اصلاحات کے ذریعے پورا کیا جائے، مزید ٹیکس لگانے کے بجائے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے آئوٹ آف باکس حل تجویز کئے جائیں۔
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ حکومتی حالیہ کوششوں کی بدولت کاروباری فضا بہتر اور بزنس کمیونٹی کا اعتماد بحال ہوا ہے، ٹیکسوں کے نظام میں اصلاحات، نظام کو آسان اور فعال بنانا اولین ترجیح ہونی چاہئے ،معاشی پالیسیوں کا تسلسل ضروری،حکومت بزنس کمیونٹی کی مشاورت سے پالیسیاں تشکیل دے۔