اسرائیلی فوج نے ایک بیان جاری کیا، جس میں شمالی غزہ کی پٹی کے کچھ حصوں میں قحط کے بارے میں عالمی غذائی تحفظ کے ماہرین کے انتباہ کو قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا گیا کہ محققین نے ذرائع کے طور پر "یکطرفہ، متعصبانہ اعداد و شمار اور سطحی مفادات” پر انحصار کیا۔ اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام نے 8 نومبر کو ایک انتباہ جاری کیا کہ شمالی غزہ کی پٹی کے کچھ حصوں میں قحط کا امکان ہے ، اور متحارب فریقوں کو تباہ کن صورتحال کو کم کرنے کے لئے فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔
مشرق قریب میں فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے) کے کمشنر جنرل فلپ لازارینی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پوسٹ کیا کہ شمالی غزہ میں قحط پڑنے کا امکان ہے، جو انسانی ساختہ وجوہات کا نتیجہ ہے، اور اسرائیل غزہ کے لوگوں کو زندہ رہنے کے لئے درکار لازمی خوراک سمیت بنیادی ضروریات سے محروم کرنے کے لئے بھوک کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ لازارینی کے مطابق اس وقت غزہ کی پٹی میں یومیہ انسانی امداد سے لدے اوسطاً 30 سے زائد ٹرک داخل ہو رہے ہیں، جو یومیہ ضرورت کا صرف 6 فیصد ہے، جو ناکافی ہے۔