اسلام آباد(آئی پی ایس)راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں ملزمان میں چالان کی نقول تقسیم کردیں، سابق وزیراعظم عمران خان سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم کے لیے 8 نومبر کی تاریخ مقرر کردی۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے سانحہ 9 مئی اور جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کی، اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما عمر ایواب، شبلی فراز ، شیخ رشید اور راجہ بشارت سمیت دیگر رہنما پیش ہوئے۔
عدالت نے راشد حفیظ، صداقت عباسی، واثق قیوم عباسی اور زرتاج گل میں چالان کے نقول کی کاپیاں تقسیم کی گئیں۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کردی، بانی چییرمین پی ٹی آئی سمیت دیگر ملزمان پر 8 نومبر کو فرد جرم عائد کی جائے گی۔
یاد رہے کہ ملزمان پر 9 مئی کو توڑ پھوڑ، ہنگامہ آرائی، اہم تنصیبات پر حملے اور جلاؤ گھیراؤ کا الزام ہے۔