کھیل

آئی ایل ٹی 20 تھنڈربولٹس نے لگاتار 2 میچ جیت لئے

دبئی : آئی ایل ٹی 20 تھنڈر بولٹس نے ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 ڈیویلپمنٹ ٹورنامنٹ 2024 میں لگاتار دو میچوں میں کامیابی حاصل کرلی جبکہ دبئی کیپیٹلز ڈیویلپمنٹ نے اہم فتح حاصل کرتے ہوئے پوائنٹس ٹیبل میں پہلی پوزیشن پر قبضہ جمالیا۔آئی ایل ٹی 20 تھنڈربولٹس نے آئی ایل ٹی 20 مارولز کو 94 رنز سے شکست دی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے تھنڈر بولٹس نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے۔

اوپنر لقمان فیصل نے ایک بار پھر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 43 گیندوں پر نصف سنچری بنائی اور رئیس احمد کے ساتھ 83 رنز کی شراکت قائم کی۔ رئیس احمد اور راہول چوپڑا نے بالترتیب 68 اور 54 رنز بنا کر نصف سنچریاں اسکور کیں اور 82 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔جواب میں مارولز 15 اوورز میں 10 وکٹوں کے نقصان پر 87 رنز ہی بنا سکی۔ مارولز کے صرف تین بلے باز ہی ڈبل فیگر تک پہنچ سکے جن میں وشنو سوکمارن کی 33 رنز کی اننگز اور زوار فرید کی 23 رنز کی اننگز شامل ہیں۔ تھنڈر بولٹس کی جانب سے اویس علی شاہ نے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عمیر علی اور سمرنجیت سنگھ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل دبئی کیپیٹلز ڈیویلپمنٹ نے ڈیزرٹ وائپرز ڈیویلپمنٹ کو ہائی اسکورنگ مقابلے میں 27 رنز سے شکست دیدی ۔ محمد زوہیب اور مینک کی مشترکہ شراکت کی بدولت کیپیٹلز نے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 217 رنز بنائے۔ محمد زوہیب 58 گیندوں پر 98 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جس میں 9 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔ مینک نے 51 گیندوں پر 91 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 7 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے جس کے بعد انہیں خزیمہ تنویر نے آؤٹ کیا۔ محمد فاروق مومند نے بھی 19 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط اختتام تک پہنچایا۔وائپرز نے دونوں اوپنرز کی نصف سنچریوں کے ساتھ رنز کے تعاقب میں اچھا آغاز کیا۔ تنیش سوری نے 37 گیندوں پر 69 رنز بنائے جبکہ تیمور علی نے 47 گیندوں پر 84 رنز بنائے۔ تاہم دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد دونوں اوپنرز نے 14.4 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنائے۔ حیدر علی اور راجہ عاکف اللہ خان کی تین وکٹوں کی بدولت وائپرز نے 19.4 اوورز میں 10 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker