اہم خبریںپاکستان

سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات

اسلام آباد(آئی پی ایس)سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جو باہمی احترام اور اعتماد کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔دونوں دوست ممالک کے مابین عوامی سطح پر رابطوں میں اضافے سے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے آج پارلیمنٹ ہاؤس میں ان سے ملاقات کی۔

اسپیکر نے پارلیمانی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی سفارتکاری دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتی۔ انہوں نے دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے مابین پارلیمانی دوستی گروپس اور اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں کے ذریعے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی کی جانب سے سپیکر ہاؤس آف کامنز کو ارکان پارلیمنٹ کے ہمراہ دورہ پاکستان کیلئے دعوت نامہ ارسال کیا جائے گا۔

اسپیکر سردار ایاز صادق نے پاکستانی تارکین وطن کی دونوں ممالک کی ترقی میں نمایاں شمولیت کی تعریف کی۔ انہوں نے سمندر پار پاکستانیوں کو ملک کا قیمتی اثاثہ قرار دیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ سمندر پار پاکستانیوں کی سہولت کے لیے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے بات چیت کے ذریعے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ مزید برآں، انہوں نے برطانیہ میں پاکستانی طلباء کے لیے اسکالرشپ کی صورت میں مزید تعلیمی مواقع فراہم کرنے پر غور کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اسپیکر قومی اسمبلی کے تاثرات کو سراہا۔انہوں نے اسپیکر کی جانب سے اٹھائے جانے والے کو مسائل کو متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھانے پر اتفاق کیا۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات ماضی کی نسبت مزید مستحکم ہونگے جس سے دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی اور عوامی سطح پر رابطوں کو فروغ ملے گا۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker