اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

آڈیو لیکس تحقیقات: عدالت نےثاقب نثار کے بیٹے کیخلاف کارروائی سے روک دیا

اسلام آباد(آئی پی ایس)اسلام آباد ہائیکورٹ نے آڈیو لیکس تحقیقات کے لیے پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کو سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے کے خلاف کارروائی سے روکتے ہوئے نجم الثاقب کو بھیجا گیا طلبی کا نوٹس بھی معطل کردیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں آڈیو لیکس تحقیقات کے لیے خصوصی کمیٹی کی تشکیل کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔

عدالت نے خصوصی کمیٹی کو چیف جسٹس (ر) ثاقب نثار کے بیٹے کے خلاف کارروائی سے روک دیا اور پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کی جانب سے نجم الثاقب کو طلبی کا نوٹس بھی معطل کردیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے حکم امتناع جاری کردیا۔ جسٹس بابرستار نے درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات بھی دورکردیے۔

عدالت نے درخواست پر وفاقی حکومت کو 19 جون کے لیے نوٹس جاری کردیے۔عدالت نے وفاقی حکومت سے جواب طلب کرتے ہوئے کہا کہ یہ آڈیوز ریکارڈ کون کرتا ہے؟۔

یاد رہے کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے نجم الثاقب نے اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب بنائی گئی اسپیشل کمیٹی کی تشکیل چیلنج کررکھی ہے۔

جسٹس بابر ستار نے استفسار کیا کہ کیا یہ اسپیشل کمیٹی ہے؟ جس پر وکیل نے کہا کہ اسپیشل کمیٹی کے لیے بھی وہی رولزہوں گے جوعام کمیٹی کے لیے ہوتے ہیں۔

عدالت نے کہا کہ آپ کو متعلقہ وزارت کو پارٹی بنانا پڑے گا۔ جس پر وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ کوئی متعلقہ وزارت اس معاملے میں ہے ہی نہیں پھربھی ہم بنا دیں گے، اسپیکر اور اسمبلی کو پرائیویٹ معاملے کو دیکھنے کا اختیار نہیں۔

سپریم کورٹ میں جو معاملہ زیرالتوا ہے ہم نے اس کو چیلنج نہیں کیا، آڈیو لیک 2 پرائیویٹ لوگوں کے درمیان مبینہ طورکی گئی بات چیت ہے، پارلیمنٹ کو 2 پرائیویٹ لوگوں کے معاملے کو دیکھنے کا اختیار نہیں۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker