اہم خبریںتجارت

اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے وفد کی چیئرمین سی ڈی اے سے ملاقات

اسلام آباد (آئی پی ایس ) سی ڈی اے کے چیئرمین کیپٹن (ر) انوار الحق نے کہا کہ بزنس کمیونٹی معیشت کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے اور سی ڈی اے ان کے مسائل کو حل کرنے اور کاروبار کی ترقی میں انہیں سہولت فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے میں ایک شفاف نظام کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہیں تاکہ شہریوں اور تاجر برادری کے مسائل جلد حل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے مارکیٹوں میں پارکنگ کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے ایک آٹومیٹک پارکنگ سسٹم پر کام کر رہی ہے اور آئندہ ایک ماہ تک اسلام آباد سٹیزن کلب کو شروع کر دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں سی ڈی اے ہیڈ آفس کا دورہ کرنے والے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
کیپٹن (ر) انوار الحق نے کہا کہ سی ڈی اے مارکیٹوں میں پبلک واش رومز اور فلٹریشن پلانٹس کو باہمی طور پر متفقہ شرائط پر آئی سی سی آئی کے حوالے کرنے کیلئے تیار ہے تا کہ ا ن کو بہتر طور پر چلایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے اپنے ہسپتال کو بھی بہتر کرنے کے بعد اس کی دیکھ بھال اور آپریشن کے لیے آئی سی سی آئی کے حوالے کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے واٹر سپلائی اور ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کو آؤٹ سورس کرنے پر غور کر رہی ہے تاکہ شہریوں کو اس سلسلے میں بہتر سروسز فراہم کی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے تاجر برادری اور شہریوں کی سہولت کے لیے لینڈ ریکارڈ کو ڈیجیٹائز کر رہی ہے۔

انہوں نے تاجر برادری کو سی ڈی اے کے دیگر اہم منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا جن میں الیکٹرک بسوں کا آغاز اور اسلام آباد کو ماحول دوست شہر بنانے کے لیے شجرکاری مہم شامل ہیں۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے چیئرمین سی ڈی اے کو تاجر وصنعتکار برادری کے اہم مسائل سے آگاہ کیا اور ان کو جلد حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی جی سیریز میں واٹر فلٹریشن پلانٹس تعمیرکر رہا ہے، جنہیں ان کی دیکھ بھال اور آپریشن کے لیے چیمبر کے حوالے کیا جا ئے۔

انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے مراکز میں فلاور مارکیٹ اور وفاقی دارالحکومت میں ایک ہول سیل پولٹری مارکیٹ قائم کرے اور سلاٹر ہائوس کے منصوبے کو مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سٹیزن کلب کو جلد شروع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر کو ایک کرکٹ گرائونڈ کے علاوہ دیگر کھیلوں کی ترقی کیلئے منصوبوں میں شراکت دار بنایا جائے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سی ڈی اے چیمبر اور مارکیٹ ایسوسی ایشنز کے تعاون سے اسلام آباد کی تمام مارکیٹوں کی بہتر ترقی پر توجہ دے اور سیوریج کے مسائل کو حل کرنے کے لیے اسلام آباد کی تمام پرانی سیوریج لائنوں کو نئی لائنوں سے تبدیل کرے۔
آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے چیئرمین سی ڈی اے کو صنعتی شعبے کے مسائل سے آگاہ کیا اور ان کو جلد حل کرنے کیلئے مفید تجاویز دیں۔
ظفر بختاوری سابق صدر آئی سی سی آئی اور سیکرٹری جنرل یو بی جی، محمد اعجاز عباسی سابق صدر آئی سی سی آئی، اجمل بلوچ، راجہ حسن اختر، زاہد قریشی، خالد چوہدری اور دیگر وفد میں شامل تھے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker