تازہ ترینتجارت

پشاور: موبائل مارکیٹ میں خوفناک آتشزدگی، کروڑوں کا سامان جل کر خاکستر

پشاور(آئی پی ایس) پشاور میں رات گئے موبائل مارکیٹ میں خوفناک آتشزدگی سے کروڑوں کا سامان جل گیا، جبکہ 5 گھنٹے گزرنے کے باوجود آتشزدگی پر قابو نہ پایا جا سکا۔

تفصیلات کے مطابق آتشزدگی کا واقعہ پشاور کے علاقے صدر کی موبائل مارکیٹ میں پیش آیا جہاں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے ایک دکان میں آگ لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری مارکیٹ کو لپیٹ میں لے لیا، آگ اس قدر شدید تھی کہ متعدد دکانیں اور کروڑوں روپے کا سامان راکھ میں تبدیل ہو گیا،

سامان بچانے کی کوشش کے دوران 4 دکاندار بری طرح جھلس گئے، موبائل مارکیٹ کے گرد موجود گھروں کو خالی کروایا گیا۔آتشزدگی کی اطلاع ملنے کے بعد فائر بریگیڈ کی درجنوں گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں، آگ کی شدت زیادہ ہونے کی وجہ سے فوج کو مدد کیلئے طلب کیا گیا،

دشوار راستوں کے باعث آگ بجھانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، ریسکیو آپریشن میں فوجی جوانوں کے علاوہ ایئر فورس، کنٹونمنٹ بورڈ کی ٹیموں نے بھی حصہ لیا۔ریسکیو 1122 کے ترجمان بلال احمد نے کہا کہ موبائل مارکیٹ میں لگنے والی آگ کی شدت بہت زیادہ تھی جس کی وجہ سے اسے تیسرے درجے کی آگ قرار دیا گیا،

عمارت میں داخلے کا ایک ہی راستہ ہونے کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں شدید مشکلات آئیں، آگ بجھانے کے عمل میں 30 کے قریب گاڑیوں، 4 باؤزرز اور 130 سے زائد فائر فائٹرز شامل تھے، ایئر فورس کی 6 گاڑیوں بھی موجود تھیں۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker