تازہ ترینتجارت

اسلام آباد اور چکوال چیمبرز کے زیر اہتمام غیر ملکی سفارت کاروں پر مشتمل کلچرل کارواں کا چکوال کا دورہ

اسلام آباد (آئی پی ایس)اسلام آباد اور چکوال چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام غیر ملکی سفارت کاروں پر مشتمل ایک کلچرل کارواں کا چکوال کا دورہ کرایا گیا تا کہ ان کو علاقے کے پرکشش سیاحتی مقامات کی سیر کرائی جائے۔ کلچرل کارواں میں آذربائیجان، مصر، کرغزستان، کینیا، ایران، ناروے، نیپال، فلپائن اور ازبکستان کے سفارت کار شامل تھے۔

آئی سی سی آئی کے سابق صدر اور یو بی جی پاکستان کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری بھی اس موقع پر کلچرل کارواں کے ہمراہ تھے۔کارواں نے یونیورسٹی آف چکوال کا دورہ کیا جہاں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد بلال خان اور شعبہ آثار قدیمہ کی ڈاکٹر سمیعہ انور نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ انہوں نے غیر ملکی سفارتکاروں کو چکوال کے تاریخی اور آثار قدیمہ کے مقامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی جو دنیا بھر سے سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں۔کارواں نے کٹاس راج مندروں کا بھی دورہ کیا، جو بہت زیادہ تاریخی اور مذہبی اہمیت رکھتے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد بلال خان، وائس چانسلر، اور ڈاکٹر سمیعہ انور، شعبہ آثار قدیمہ، چکوال یونیورسٹی نے کارواں کو کٹاس راج مندروں کے بارے میں بتایا جن کی تاریخ چھٹی صدی تک جاتی ہے اور جو بھگوان شیوا کے لیے وقف ہیں۔ کارواں کو بتایا گیا کہ یہ مندر پاکستان کے اہم ترین ہندو یاتری مقامات میں سے ایک ہیں اور اب بھی پاکستان سمیت بیرونی ممالک سے ہندو برادری کے افراد ہر سال ان مندروں کی زیارت کیلئے آتے ہیں۔

چکوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے گروپ لیڈر قاضی محمد اکبر نے کلر کہار میں کلچرل کارواں کے اعزاز میں ایک استقبالیہ کا اہتمام کیا جو کہ علاقے کا ایک انتہائی خوبصورت سیاحتی مقام ہے۔ چکوال چیمبر آف کامرس کے رکن میاں خاور سلیم نے کلچرل کارواں کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا۔ کلچرل کارواں سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر احسن بختاوری نے کہا کہ پاکستان میں سیاحوں کیلئے انتہائی خوبصورت مقامات موجود ہیں جن میں برف پوش چوٹیاں، ساحلی علاقے، وسیع ریگستان اور دیگر تاریخی مقامات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی گذشتہ سال غیر ملکی سفارت کاروں کا ایک وفد اسکردو لے گیا تھا تا کہ ان کو وہاں کے سیاحتی مقامات دکھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ چکوال چیمبر آف کامرس کے تعاون سے اس کلچرل کارواں کے اہتمام کا مقصد غیر ملکی سفارت کاروں کو چکوال کے خوبصورت سیاحتی مقامات کی سیر کرانا ہے تاکہ ملک میں سیاحت کو بہتر فروغ دیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے انفراسٹریچکر میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش مواقع موجود ہیں لہذا وہ ان سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔

چکوال چیمبر آف کامرس کے صدر وقار بختاوری نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات کی وجہ سے سیاحت کا شعبہ بہت متاثر ہوا تھا۔ تاہم مسلح افواج اور سکیورٹی اداروں کی بھرپور کوششوں کی وجہ سے پاکستان میں اب امن قائم ہو چکا ہے لہذا انہوں نے سفارتکاروں کے ذریعے غیر ملکی سیاحوں کو دعوت دی کہ وہ پاکستان کا دورہ کر کے اس کے سیاحتی مقامات کی خوبصورتی سے پوری طرح لطف اندوز ہوں۔ یونیورسٹی آف چکوال کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد بلال خان نے کہا کہ ان کی یونیورسٹی دیگر اداروں کے تعاون سے چکوال میں سیاحت کو فروغ دینے کیلئے مختلف پروگرام کرتی رہتی ہے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ بھی سیاحت کو بہتر فروغ دینے کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔کارواں کے اراکین نے چکوال کا شاندار کرانے پر اسلام آباد اور چکوال چیمبر آف کامرس کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ دورہ ان کیلئے ہمیشہ ایک یادگار رورہ رہے گا۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker