تجارت

آئی سی سی آئی اور انٹیلی جنس بیورو ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کا جدید ترین ایکسپو سینٹر بنانے پر اتفاق

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) اور انٹیلی جنس بیورو ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی (آئی بی ای سی ایچ ایس) نے گلبرگ گرین میں جدید ترین ایکسپو سینٹر بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ فریقین نے قومی ترقی، برآمدات کے فروغ، سماجی اور ثقافتی تقریبات کے حوالے سے بھی ایک دوسرے کے تعاون کا فیصلہ کیا ہے۔

اتوار کو صدر اسلام آباد چیمبرآف کامرس احسن بختاوری نے وفد کے ہمراہ گلبرگ گرین کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا جہاں مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے گئے۔ آئی سی سی آئی کے صدر احسن ظفر بختاوری نے سوسائٹی کی نو منتخب انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انٹیلی جنس بیورو ایمپلائیز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی (آئی بی ای سی ایچ ایس) آئی بی ملازمین کے ساتھ ساتھ دیگر افراد کی رہائش کی ضروریات کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

آئی سی سی آئی غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے مشترکہ منصوبوں کے لیے آئی بی ای سی ایچ ایس کے ساتھ ہم آہنگی کے لیے آمادہ ہے، اسلام آباد سب سے اہم سفارتی، حکومتی، پارلیمانی اور تجارتی مرکز ہے، لیکن اس کے باوجود ایک شاندار ایکسپو سینٹر کی سہولت کا فقدان ہے اور ہم چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپو سینٹر کے لیے آئی سی سی آئی اور گلبرگ گرین کے درمیان شراکت داری معیشت کی بہتری کے لیے درست سمت میں ایک قدم ہو گا کیونکہ یہ مستقل سہولت پاکستان کی قابل برآمد مصنوعات کی نمائش اور برآمدات کو فروغ دے گی۔

انہوں نے کہا کہ چین اور ترکی سمیت کئی ممالک نے ایکسپو کے انعقاد سے اپنی برآمدات اور سیاحت میں اضافہ کیا ہے اور امید ظاہر کی کہ یہ ایکسپو سینٹر پاکستان میں برآمدات اور سیاحت کو بڑھانے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں برآمدات کو بڑھانے کی بڑی صلاحیت ہے اور امید ظاہر کی کہ ایکسپو سینٹر اس مقصد کے حصول میں مثبت کردار ادا کرے گا۔

احسن ظفر بختاوری نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں اداروں کے درمیان مشترکہ منصوبہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں معاون ثابت ہوگا جس کی ملک کو بہت زیادہ ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ معاہدہ طے پا جانے کے بعد ہماری خواہش ہے کہ ملکی معیشت کے اس اہم ترین منصوبے کا افتتاح وزیراعظم کریں۔

احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ آئی سی سی آئی تاجر برادری اور عام لوگوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ایک ہسپتال بنانے کا منصوبہ بنا رہا ہے اور ہم عوامی اہمیت کے اس منصوبے میں ہمارے ساتھ تعاون کے لیے آئی بی ای سی ایچ ایس کا خیرمقدم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی کو آئی بی ای سی ایچ ایس کے ساتھ اسٹیڈیم کی تعمیر میں بھی تعاون کرنے پر خوشی ہو گی تاکہ جڑواں شہروں میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔

صدر IBECHS طارق محمود نے وفد کو یقین دلایا کہ گلبرگ گرین اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے ساتھ قومی ترقی بالخصوص کاروباری سرگرمیوں میں اپنا تعاون جاری رکھے گا.انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں گلبرگ گرین اور آئی سی سی آئی کے مشترکہ منصوبے کے طور پر ایکسپو سینٹر تجارت اور برآمدات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایکسپو سینٹر وفاقی دارالحکومت کو کاروباری اور سرمایہ کاری کی سرگرمیوں کا مرکز بنائے گا اور معیشت کو بحال کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ گلبرگ گرین ایک مثالی جگہ پر واقع ہے اور یہ ایکسپو سینٹر کاروبار، سرمایہ کاری اور برآمدات کے فروغ کے لیے بہت سی نئی راہیں کھولے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ایکسپو سینٹر کی تعمیر آئی سی سی آئی کا دیرینہ منصوبہ ہے اور گلبرگ گرین اس سلسلے میں چیمبر کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔

انہوں نے یقین دلایا کہ عید الفطر کے بعد دونوں اداروں کے درمیان ایکسپو سینٹر کی تعمیر کے حوالے سے ایم او یو کو حتمی شکل دی جائے گی اور ان کی خواہش ہے کہ اس اہم منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔
انہوں نے آئی سی سی آئی کے وفد کو آئی بی ای سی ایچ ایس کے پائپ لائن میگا پراجیکٹس کے بارے میں بھی آگاہ کیا جو جڑواں شہروں میں اقتصادی سرگرمیوں کو تیز کرنے میں بھی کردار ادا کریں گے۔انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر اور ان کی پوری ٹیم کو ایکسپو سینٹر اور دیگر منصوبے پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔


اس موقع پر آئی سی سی آئی گروپ کے چیئرمین خالد اقبال ملک سینئر نائب صدر فاد وحید، نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام، سیکرٹری جنرل یو بی جی ظفر بختاوری نے بھی خیالات کا اظہار کیا ۔ملاقات میں سیف الرحمان، فیضان شہزاد، خالد چوہدری، نوید ملک اور دیگر ایگزیکٹوز بھی موجود تھے۔
جبکہ آئی بی ای سی ایچ ایس کی جانب سے اعجاز رسول ملک، محمد علی، اویس ایوب، سجات اللہ قریشی، بلال ریاض برکی، اللہ رکھا ناصر، محمد ظہیر، مسعود احمد، چوہدری محمد علی اور دیگر عہدیداران شریک ہوئے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker