ٹاپ سٹوری

صدر مملکت اور وزیراعظم کا جمہوریت، قانون کی حکمرانی کیلئے پختہ عزم کا اعادہ

اسلام آباد(آئی پی ایس) صدر مملکت اور وزیراعظم پاکستان نے جمہوریت کے عالمی دن کے موقع پر آئین، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کیلئے پختہ اور غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔
جمہوریت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ قوم کو درپیش موجودہ چیلنجز کا حل متحرک اور فعال جمہوری عمل میں مضمر ہے، انہوں نے پاکستان میں جمہوریت کو مستحکم کرنے کے لئے جمہوری اداروں کو مضبوط کرنے، ضروری اصلاحات کرنے اور اجتماعی طور پر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
صدر نے واضح کیا کہ مصنوعی ذہانت شفافیت کو بڑھانے، احتساب اور سرکاری انتظامیہ کی استعداد کار کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوسکتی ہے۔
آصف زرداری نے جمہوریت کے تحفظ، عوامی تحفظات کو دور کرنے اور عوام کی شمولیت کیلئے پالیسیوں کی تشکیل کو یقینی بنانے میں پاکستانی پارلیمنٹ کے کردار کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
وزیراعظم شہبازشریف
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کا جمہوریت کے بین الاقوامی دن، 15 ستمبر 2024 کے موقع پر پیغام میں کہنا تھا کہ آج جبکہ دنیا بھر میں جمہوریت کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، اس موقع پر ہم انسانی معاشرے کی بنیادی اور اہم قدر کے طور پر جمہوریت کی مضبوطی اور فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں،
ہماری حکومت کا آئینی اقدار کی پاسداری، جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے تحفظ کا عزم غیر متزلزل ہے. ان جمہوری اقدار پر عملدرآمد ہمارے قومی طرزِ عمل کی عکاسی کرتا ہے۔
آئیں، آج کے دن ہم ایسے عالمی معاشرے کے قیام کی کوششیں جاری رکھنے کا عزم کرتے ہیں جو منصفانہ، مساوی اور جامع ہو. باہمی تعاون سے ہی ہم جمہوریت کی بنیادوں کو مضبوط کرکے یہ یقینی بنا سکتے ہیں کہ یہ امید کی کرن کے ساتھ ساتھ آئندہ نسلوں کی ترقی کا پیش خیمہ ثابت ہو۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker