بین الاقوامیٹاپ سٹوری

غزہ کی ایک سرنگ سے امریکی سمیت 6 اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشیں برآمد

تل ابیب(آئی پی ایس) غزہ کے علاقے رفح کی 20 میٹر زیر زمین سرنگ سے حماس کی جانب سے یرغمال بنائے گئے 6 اسرائیلیوں کی لاش برآمد ہوئی ہیں جن میں سے ایک امریکی نژاد ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق جن یرغمالیوں کی لاشیں ملی ہیں ان میں 23 سالہ ہرش گولڈ برگ پولن، 24 سالہ ایڈن یروشلمی، 25 سالہ اوری ڈینینو، 32 سالہ الیکس لبنوف، 40 سالہ کارمل گیٹ، اور 27 سالہ الموگ ساروسی شامل ہیں۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان ریئر ایڈمرل ڈینیئل ہگاری نے بتایا کہ ان یرغمالیوں کی لاشیں ایک سرنگ سے ملیں جو اُس سرنگ سے تقریباً ایک کلومیٹر کی دوری پر تھی جہاں سے ہم نے چند روز قبل ایک یرغمالی فرحان القادی کو بازیاب کرایا تھا۔

ترجمان اسرائیلی فوج نے مزید کہا کہ جب سے فرحان القادی کو بازیاب کرایا، ہم معمول سے زیادہ احتیاط سے کام لے رہے تھے کیونکہ ہمیں اندازہ تھا کہ اس علاقے میں مزید یرغمالی ہو سکتے ہیں لیکن ان کی درست پوزیشن کا معلوم نہیں تھا۔

ریئر ایڈمرل ڈینیئل ہگاری نے یہ بھی کہا کہ سرنگ کے اندر حماس کے ساتھ کوئی جھڑپ نہیں ہوئی۔ ہمارے پہنچنے تک وہ یرغمالیوں کو قتل کرکے فرار ہوچکے تھے۔

ترجمان اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ ان میں سے گولڈبرگ پولن، یروشلمی، لبنوف، ساروسی اور ڈینو (ایک آف ڈیوٹی نان کمیشنڈ آفیسر) کو کبٹز ریئم کے قریب نووا میوزک فیسٹیول سے اور گیٹ کو نزدیکی علاقے کبٹز بیری سے اغوا کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ ان یرغمالیوں میں ایک امریکی نژاد اسرائیلی 23 سالہ ہرش گولڈ برگ پولن بھی شامل ہیں۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ ہم نے اپنے پیارے ہرش گولڈ برگ پولن کو بحفاظت اہل خانہ تک پہنچانے کے لیے انتھک محنت کی تھی۔ ان کی موت کی خبر سے دل شکستہ ہوں۔

حماس کی جانب سے یرغمالیوں کی لاشیں ملنے سے متعلق تاحال کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا تاہم یرغمالیوں کی لاشیں ملنے کے گزشتہ واقعے پر حماس کا کہنا تھا کہ یہ یرغمالی اسرائیلی بمباری کا نشانہ بنے تھے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker